ہنزہ حلقہ 6کے ضمنی انتخابات کو ملتوی کیا گیا
ہنزہ (اکرام نجمی) چیف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق ہنزہ حلقہ 6کے ضمنی انتخابات کو ملتوی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق علاقے کی سخت سرد موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف سیکریڑی گلگت بلتستان کے سفارش پرالیکشن کے شیڈول کو ملتوی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے پچھلے شیڈول کے مطابق 28جنوری کو پولنگ ہونا تھا اور اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی کا عمل شروع ہوچکا تھا ۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے نئے جاری کردہ نوٹیفیکشن میں نئے تاریخ مقرر نہیں ہے البتہ مناسب وقت کو دیکھ کر دوبارہ شیڈول جاری کرنے کا ذکر کیا گیا ہے ۔
اس نوٹیفیکشن پر ردعمل دیتے ہوئے عوامی ورکرز پارٹی کے متوقع امیدوار اور پارٹی کے آرگنائزر ظہور الہی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے الیکشن میں شکست کے خوف سے الیکشن ملتوی کروایا ہے۔ ن لیگ ہنزہ اندرونی اختلافات کا شکار ہے اور دو دھڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔ ہم الیکشن کمیشن سے بھر پور مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے الیکشن شیڈول کا جلد از جلد اعلان کریں عوامی ورکرز پارٹی ن لیگ کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک عہدہ دار اعجاز گلگتی نے پیپلز پارٹی کا موقف دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا یہ قدم ٹھیک ہے اور انھوں نے مزید کہا کہ ہنزہ میں اس وقت موسم سرد ہے اور ہنزہ کے دور دراز علاقوں میں پولنگ ممکن نہیں تھا ۔
حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر جاوید اقبال نے نوٹیفکیشن کے حوالے سے پارٹی کا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو بھی فیصلہ کیا ہے وہ ہمارے لئے قابل قبول ہے ۔
یاد رہے کہ گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کے گورنر بننے کے بعد حلقہ 6 کا نشت خالی ہوا تھا جس پر دوبارہ الیکشن ہونا ہے۔ ہنزہ کے کئی پارٹیوں اور امیدواروں کی جانب سے علاقے میں سرد موسم کی وجہ سے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے انتخابات کو ملتوی کرکے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔