گلگت بلتستان

حکومت پہاڑوں میں چھپے عناصر کوعام معا فی کا اعلان کرے۔ امیرجمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان مولانا سرور شاہ

چلاس(ایس ایچ غوری سے) جمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان کے امیر و سابق رکن قانون ساز اسمبلی مولانا سرور شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پہاڑوں میں چھپے عناصر کوعام معا فی کا اعلان کرے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے تانگیر کے علاقے گلی بالا میں پاک آرمی کی طرف سے لگائے گے فری میڈیکل کیمپ کے افتتاحی تقریب کے دوران کہی۔ تقریب میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل عاصم باجوہ، چیف سیکرٹری طاہر حسین ،صوبائی وزیر جنگلات محمد وکیل مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق رکن قانون ساز اسمبلی مولانا سرور شاہ نے کہا کہ اگر عام معافی کا اعلان مشکل ہے تو دیامر کے چند عمائدین پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دے جو حکومت کو اعتماد میں لیکر ان عناصر سے ڈائیلاگ کرے۔ ہو سکتا ہے یہ سب کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے ہوا ہو۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ مذاکرات کے بعد وہ خود کو حکومت کے حوالے ہکر دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ بھی ممکن نہیں ہے تو بے شک ان کو گرفتار کرے لیکن ہر گز عام لوگوں کو ڈسٹرب نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپریشن کی نوبت آجاتی ہے تو مخصوص گھر یا ایریا تک محدود رکھا جائے تاکہ عام لوگوں کے لئے مسائل پیدا نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ داریل تانگیر کو نوگو ایریا سمجھا جاتا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ دینی تعلیم حاصل کرنے والوں کو مختلف سکولوں اور کالجوں میں ملازمت دی جائے تاکہ اردو اور دینی علم حاصل کرنے والوں میں جو لکیر کھینچی گئی ہے اس کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں بنانا،ادارے بنانا ترقی نہیں بلکہ ترقی محبت اور امن کا نام ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button