گلگت بلتستان

صحافیوں کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر فوری عمل درآمد

غذر(پ ر ) غذر پریس کلب کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پریس کلب غذر کے صدر راجہ عادل غیاث نے کی ۔ اجلاس میں گزشتہ دنوں گلگت پریس کلب کے زیر اہتمام صحافیوں کے کنونشن میں صوبائی حکومت کو پیش ہونے والے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تاریخ میں پہلی بار گلگت بلتستان کے تمام صحافیوں نے متفقہ طور پر اپنے مسائل کے حل اور بہتر صحافت کو فروغ دینے کے لئے مربوط حکمت عملی طے کی ہے جس کے مطابق صوبائی حکومت کو بھی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا ہے۔ جس پر عمل درآمد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ صحافت معاشرے کا چوتھا اور اہم ترین ستون ہے اور دو ر حاضر میں معاشرے کی تعمیر و ترقی میں صحافت کا کلیدی کردار شامل ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادو ں پر اقدامات کرے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام صحافتی تنظیموں اور انفرادی طور پر صحافیوں نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو اور کنٹریکٹ ملازمین کی نئے سرے سے صاف شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا جس پر عمل درآمد کا وقت آگیا ہے۔ نئے سال کے شروعات سے ہی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت میں توسیع کے بجائے میرٹ پر نئی بھرتیاں کی جائیں تاکہ ایک فعال اور غیر جانبدار انفارمیشن ٹیم صحافیوں اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے ۔ اجلاس میں صحافیوں کی جانب سے وزیر اعلی گلگت بلتستان ، گورنر گلگت بلتستان ، ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اور انفارمیشن منسٹر کو دئے جانے والے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر فوری عمل درآمد پر زور دیا گیا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button