گلگت بلتستان

چلاس: بینیظیر بھٹو شہید کی آٹھویں برسی، پیپلز سیکرٹریٹ میں مرکزی تقریب

چلاس(مجیب الرحمان)دختر مشرق قائد جمہوریت محترمہ بینیظیر بھٹو شہید کی آٹھویں برسی جیالوں نے نمناک انداز میں منایا۔اپنی عظیم قائد کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی۔ چلاس میں پیپلز سیکرٹریٹ میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں سابق صدر پی پی پی طیفورشاہ،محمد ولی ایڈوکیٹ ،محمد افضل،حاجی شاہجہان،غفار خان سمیت کثیر تعداد میں جیالوں نے شرکت کی۔ جیالوں نے اپنی عظیم لیڈر کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر راہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ محترمہ ایک نڈر اور بہادر لیڈر تھیں۔ جمہوریت کی بالادستی اور عوامی مفاد کی خاطر اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا۔اور شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہوگئیں۔محترمہ کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا ۔ آج کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ملک عوام اور جمہوریت دشمنوں نے بی بی کو شہید کر کے اپنے ناکام عزائم کی تکمیل کرنا چاہی مگر قدرت نے شہداء کے خون سے جمہوریت کے پودے کی آبیاری کی۔جیالوں نے مزید کہا کہ بھٹو خاندان کی قربانیوں کی بدولت جمہوریت کو مزید تقویت ملی۔آج جو لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ بی بی کی شہادت کے بعد پارٹی کمزور ہوئی ہے تو یہ انکا وہم ہے۔پیپلز پارٹی اب بھی اللہ کے فضل اور عوامی تعاون سے مضبوط ہے۔اور پورے پاکستان میں ہر شہر ضلع چپہ چپہ میں فعال اور پھیلی ہوئی ہے۔جیالے ہمت ہارنے والے نہیں ہیں۔شہید بھٹو اور بی بی شہید کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button