گلگت بلتستان میں ٹیکس کا نفاذ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ جمعیت علماء اسلام، ایم کیو ایم
گلگت (پ ر) اینٹی ٹیکس موومنٹ کا نمائندہ وفد نے جمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان کے صوبائی امیر مولانا سرور شاہ ، جنر ل سیکریٹری میر بہادر اور اپوزیشن لیڈر حاجی شاہ بیگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اینٹی ٹیکس موومنٹ کے رہنماوں نے وفاقی حکومت کی طرف سے گلگت بلتستان کے بے آئین خطے میں غیر قانونی ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کی تشویش سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا سرور شاہ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے بے آئین خطے میں ٹیکس کا نفاذ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ یہ ایشو کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کا ہے۔ جمعیت علماء اسلام بھرپور انداز میں اس تحریک کی حمایت کرے گی۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رہنما و اپوزیشن لیڈر حاجی شاہ بیگ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو جب تک حقوق نہیں ملتے ہیں ٹیکس کا نفاذنہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اینٹی ٹیکس موومنٹ کے رہنماوں کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں قائد جمعیت سے ملاقات کرکے قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ اس موقع پر اینٹی ٹیکس موومنٹ کے رہنماوں انجمن تاجران کے جنرل سیکریٹری مقصود الرحمن، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد یعقوب، ہوٹل انڈسٹری کے صدر راجہ ناصر، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری مرتضیٰ علی اور دیگر رہنما شریک تھے۔
قبل ازیں اینٹی ٹیکس موومنٹ کے نمائندہ وفد نے ایم کیو ایم کے جوائنٹ انچارج صوبائی رابطہ کمیٹی ہدایت علی ، ممبر گلگت زون علی شاہ، میڈیا انچارج امداد حسین جعفری سے بھی ملاقات کی اور گلگت بلتستان میں غیر قانونی اور غیر آئینی جبری لی جانے والی ٹیکس کے حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنماوں کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اس ٹیکس کے ایشو کوقومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اٹھائیں گے۔