گلگت ( نمائندہ خصوصی) ریڈیو پاکستان گلگت کے کھوار پروگرام ’’ گمبوری‘‘ نے نئے سال کی آمد پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا ۔ چترال کی ادبی شخصیات ظفر اللہ پروازؔ اور ذاکر محمد زخمی ؔ کی آن لائین شرکت ۔ گزشتہ سال کے تجربات اور نئے سال کی تیاریوں پر گفتگو اور سامعین کی طرف سے موصول ہونے والی فون کالز
تفصیلات: ریڈیو پاکستان گلگت چترال اور گلگت بلتستان کی ثقافت اور مشترکہ کلچر کے فروغ میں سن ساٹھ سے اب تک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ لیکن جب سے ریڈیو پاکستان گلگت سے کھوار زبان کی نشریات کا آغاز ہوا ہے تب سے گلگت اور چترال ایک دوسرے کے بہت قریب آئے ہیں ۔ چترال اور گلگت کے تمام کھواربولنے والے اسی پروگرام کے ذریعے ایک دوسرے سے متعارف ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کی ثقافت ، روایات اور کلچر کو ایک دوسرے میں بانٹنے کے حوالے سے ریڈیو پاکستان گلگت کا کردار قابل تحسین ہے ۔ گزشتہ دنوں گمبوری پروگرام نے نئے سال کی آمد پر رنگارنگ پروگرام اور تقریبات کا اہتمام کیا تھا اس خصوصی پروگرام کی خاص بات چترال سے ظفر اللہ پرواز ؔ اور ذاکر محمد ذخمی ؔ کی آن لائین شرکت اور سننے والوں کے لئے مفید مشورے اور گفتگو تھی ۔ دونوں ادبی شخصیات نے گزشتہ سال کی قدرتی آفات پر روشنی ڈالتے ہوئے گزشتہ سال کی قدرتی آفات کی سب سے بڑی وجہ کرہ ارض پر بسنے والی انسانی آبادی کی غیر زمہ دارانہ رویہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے قدرتی خزانے : معدنیات، سر بہ فلک پہاڑی سلسلے ، گلیشرز ، جنگلات اورجنگلی حیات جہاں ہماری ترقی کے ضامن ہیں وہاں یہی خزانے دو شاخہ تلوار کی حیثیت بھی رکھتے ہیں ۔ ہم جب ان خزانوں کا غیر زمہ داری سے بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں تو ہماری دھرتی ماں ہم سے روٹھ جاتی ہے اور نتیجے کے طورہ پر قدرتی آفات ، زلزلے، سیلاب اور طرح طرح کے مسائل سر اُٹھاتے ہیں ۔ گزشہ سال اگرچہ معتدل نہیں رہا تاہم اللہ تعالی کی لاکھ لاکھ مہربانی ہے کہ آفات کے مقابلے میں نقصانات کی شرح کم رہی۔ انہوں نے نوجوان نسل اور تمام کھوار پروگرام سننے والوں پر زور دیکر کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنا انسانی بس سے باہر ہے البتہ اسے اسی جگہے پر روکے رکھنے پر انسان قادر ہے ۔ ہم میں سے ہر ایک کو چاہئے کہ ماحولیاتی تبدیلی کو روکنے کے ضمن میں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔زیادہ سے زیادہ شجر کاری کریں اور اس کے ساتھ ساتھ زندگی گزارنے کے طریقوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے اپنے آپ اور اپنی ضروریات زندگی کو ماحول کے مطابق بنائیں ۔ ادبی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کھوار ادب، کھوار ثقافت ، کھوار موسیقی اور کھوار روایات کے حوالے سے بے یقینی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جدید مواصلاتی نظام نے جہاں پوری دنیا کو ایک گاؤں بنادیا ہے وہاں طرح طرح کے مسائل سے بھی ہمیں دوچار کیا ہے۔ ہم اپنے روایتی ملبوسات یکسر بھول گئے ، ہماری زبان کی میٹھا س مفقود ہو گئی ، ہماری رہائش و قیام اور طعام کی لذت کو کسی کی آنکھ لگ گئی ہے اور سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ ہماری موسیقی پر دوسری زبانوں کے آلات موسیقی، دھن اور شاعری میں بے تکے الفاط کی جوبھرمار نظر آتی ہے وہ ہماری ثقافت کے لئے زہر ہلاہل سے کسی قدر کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجواں نسل کے موسیقار اور فنکاروں نے پشتو زبان اور اُردو زبان سے دھنوں کو مستعار لینا شروع کیا ہے حالانکہ ہماری زبان میں ہماری ثقافت کے مطابق دھن بنانے کی گنجائش بڑی حد تک موجود ہے ۔ ذاکر زخمی ؔ نے سامعین کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت اُن کے پاس پچاس سے زیادہ دھنوں کی صوتی مثالیں موجود ہیں جو دوسری زبانوں سے بلا واسطہ طور پر مستعار لینے کے زمرے آجاتی ہیں جو کہ کھوار زبان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔ نئے سال کی مناسبت سے ہمارے فنکاروں کی سب سے بڑی زمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنی زبان کو اگر بچانا چاہتے ہیں تو اپنی روایات کو برقرار رکھیں اور ان کی بہتر ترویج کریں۔ظفر اللہ پرواز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کھوار زبان پر اُن کی کتاب ’’ انگریستانو‘‘ مستقبل قریب میں منظر عام پر آنے والی جو کہ کھوار زبان میں پہلا ناول اور اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے کہ جس میں کھوار روایات اور ثقافت کی کہانیوں کے علاوہ کھوار کے وہ الفاظ بھی شامل ہیں جوکہ آج کل کی کھوار میں خال خال استعمال ہوہ رہے ہیں جبکہ اس کتاب نے صفحہ ہستی سے مٹنے والے تمام الفاظ کو محفوظ کیا ہوا ہے ۔ اس خصوصی پروگام کی میزبانی ریڈیو پاکستان گلگت کے سنیئر پرو ڈیوسر واجد علی ، حبیبہ شمس اورشمس الحق قمر نے کی ۔ پروگرام کے دوران سامعین کے فون کال موصول ہوتی رہیں ۔ تمام سامعین نے اس خصوصی پروگرام کو اس نئے سال کی شروعات کا سب سے شاندار پروگرام قرار دیا۔پروڈیوسر واجد علی نے تمام سامعین کو یقین دلایا کہ نیا سال کھوار گمبوری پروگرام کا سال ہو گا اور تمام سننے والوں کے لئے نت نئے پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔
Like this:
Like Loading...
Related
آپ کی رائے
comments
Back to top button