گلگت بلتستان

ٹیکس مخالف تحریک کی کال پر آج چلاس شہر میں شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی

چلاس(مجیب الرحمان) گلگت بلتستان میں انکم ٹیکس ،ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف اینٹی ٹیکس موومنٹ کی کال پر آج چلاس شہر میں مکمل طور پر شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔انجمن تاجران ،کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن،ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن،ہوٹلز ایسوسی ایشن،کیمسٹس ایسوسی ایشن سیاسی سماجی تنظیمیں اور عوامی حلقوں نے ہڑتال کی مکمل حمایت اور بھر پور تعاون کا اعلان کر دیا۔انجمن تاجران نے بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہوئے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔جبکہ ٹرانسپورٹرز نے بھی تمام علاقوں کے لئے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔اور چلاس سے گلگت اور دیگر علاقوں کے لئے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کیمسٹ ایسوسی ایشن نے بھی تمام میڈیکل سٹورزکو بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ہوٹل ایسوسی ایشن اور سیاسی سماجی تنظیموں نے بھی ہڑتال کو موثر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی ہے۔کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی چلاس شہر میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے جبکہ اینٹی ٹیکس موومنٹ کے صوبائی راہنماء بھی گلگت سے چلاس پہنچ جائینگے اور صدیق اکبر چوک میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرینگے۔اینٹی ٹیکس موومنٹ کے ضلعی راہنماؤں نے میڈیا کے نمائندے کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے غیر آئینی ٹیکس کو ہرگز قبول نہیں کرینگے۔اور تاوقتیکہ اس ظالمانہ فیصلے کو واپس نہیں لیا جاتا احتجاج کے ہر حد تک جائینگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button