متفرق

معروف فوٹوگرافر جانان خان مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے

گلگت (نامہ نگار) معروف فوٹو گرافر ، فوٹوگرافر ایسوسی ایشن کے تاحیات چیئرمین اور علاقے کے سماجی شخصیت جانان خان68سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد منگل کے روز کراچی میں انتقال کرگئے جوٹیال ذوالفقار آباد سے تعلق رکھنے والے جانان خان علاقے میں فلاحی کاموں اور غریب اور نادار لوگوں کی کفالت میں مشہور تھے۔

انہوں نے1976ء میں گھڑی باغ گلگت میں ایک چھوٹی سے دکان میں فوٹو گرافری سے اپنے کاروباری کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی محنت کے ذریعے گلگت کی اہم کاروباری شخصیات کے ہم پلہ آگئے۔ جوٹیال کے مقام پر جے جے مارکیٹ تعمیر کرکے علاقے کے لوگوں کو کاروباری مواقع فراہم کئے۔

جانان خان کے پسماندگان میں بیوہ، 4بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ جانا ن خان کے بیٹوں میں جاوید اقبال، میجر شاہد اقبال، ساجد اقبال اور لیفٹیننٹ وسیم اقبال شامل ہیں ان کی ایک صاحبزادی رضیہ بانو امریکہ میں PhDکررہی ہیں۔ جانان خان پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سینئر فوٹو گرافر میر جہان شاہ (عباس) کے چچا زاد بھائی تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جانان خان کو چند روز قبل ہاضمے میں تکلیف کے باعث نجی ہسپتال میں داخل کردیا گیا تھا جہاں ان کا آپریشن ہوا تھا اور چند روز قبل ہی گھر منتقل کردیئے گئے تھے پیرکی رات ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کی تدفین ذوالفقار آباد کے قبرستان میں آج سہہ پہر کی گئی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button