متفرق

لوئر کوہستان تنازعہ، کشیدگی ختم،ضلعی انتظامیہ اور اصلاحی کمیٹی کی کوششوں سے مذاکرات کامیاب

کوہستان ( نامہ نگار) لوئر کوہستان تنازعہ ، کشیدگی ختم ، برف پگھل گئی ، انتطامیہ اور اصلاحی کمیٹی پٹن کے مابین مذاکرات کامیاب ، تحصیل پالس کو ملانے والی سڑک آمدورفت کیلئے بحال ، مسافروں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی الرٹ کردی ہے ،ڈپٹی کمشنر کوہستان ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع لوئر کوہستان ضلعے کی منسوخی پر بننے والی کشیدگی ختم ہوگئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کوہستان راجہ فضل خالق کے مطابق اصلاحی کمیٹی پٹن نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پالس کو ملانے والی سڑک پر آمدورفت پر اعتراض واپس کرتے ہوئے تحصیل پالس کے مکینوں کو اجازت دیدی ہے ،جو دو نوں فریقین کیلئے خوش آئندہے ۔تاہم سڑک پر مسافروں کی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ، قبائل کے مابین جاری کشیدگی ختم کرنے میں کوہستانی قوم کا تعاون شامل تھا،جو مبارکباد کے مستحق ہیں۔پٹن سے صحافی عبدالحکیم کے مطابق اصلاحی کمیٹی نے آل کوہستان گرینڈ جرگے کو بھی یہی موقف دیا تھا کہ اگر روڈ کاغذاتی میں سرکاری ثابت ہوا تو وہ رکاوٹ نہیں ڈالیں گے ۔آج بھی ضلعی انتظامیہ اور فورسز کو یہی بات کی ہے اور سڑک سرکاری ثابت ہونے پر اجازت مل گئی تاہم سماجی بائیکاٹ جاری ہے ۔ ادھر پالس سے سماجی کارکن معروف پالسی کے مطابق دونوں فریقین نے جان بوجھ کر اس مسلے کو ہوادی ہے جس سے پوری ضلع کا نقصان ہے ۔ ہم سمجھتے تھے کہ پٹن کو پالس میں ضم کیا جائیگا تاہم عدالت نے حکومتی موقف کے مطابق ضلعے کا نوٹیفیکشن منسوخ کیا جس پر افسوس ہے ۔ پٹن کمیٹی کی جانب سے سڑکیں اور راستے بند کرنے افسوسناک ہے ، کافروں کیلئے بھی راستہ دیا جاتاہے ،ہم تو مسلمان ہیں ۔راستہ کھولنے پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ پچھلے چھ دنوں سے پٹن اور پالس کے مابین کشیدگی جاری تھی ،جس میں پالس کے ہزاروں آبادی شاہراہ قراقرم تک رسائی سے محروم تھی اور دونوں فریقین کشیدگی کی صورت حال میں تھے ،جس کا آج خاتمہ ہوا۔مذاکراتی عمل میں آرمی کے میجر عدیل ، ڈپٹی کمشنر کوہستان راجہ فضل خالق، ڈی پی او کوہستان علی رحمت خان اور اصلاحی کمیٹی پٹن شامل تھی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button