متفرق

مشہور و معروف سیاحتی مقام کریم آباد ہنزہ میں سڑک کی خستہ حالی پریشان کن، بزنس ایسوسی ایشن نے سڑک کو بہتر بنانے کا مطالبہ کردیا

ہنزہ (اکرام نجمی) گلگت بلتستان کے سب سے زیادہ مشہور سیاحتی مقام ہنزہ کریم آباد روڈ کی خستہ حالی پر توجہ دینے اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے میں حکومت اور محکمہ سیاحت مکمل طور پر ناکام نظر آرہا ہے ہم گورنر گلگت بلتستان اور وزیر اعلی گلگت بلتستان سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ اس اہم مسلئے پر فوری نوٹس لیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار کریم آباد بزنس ایسوسی ایشن کے صدر عبدالحمید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا انھوں نے مزید کہا کہ روڈ خستہ حالی کا شکار ہے پبلک ٹوئلٹس کا وجود نہیں، سٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات کی غیر موجودگی میں محکمہ سیاحت کی طرف سے فوڈ فیسٹیول کا انعقاد مذاق سے کم نہیں ہے۔ کبھی محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کو یہ توفیق نصیب نہیں ہوتی کہ اپنے قیمتی لینڈ کروزر ز سے نکل کر روڈ کی حالت کو دیکھے۔ یہ صرف سیر سپاٹے کے بہانے ہیں سیاحوں کو درپیش مسائل حل کرنے سے ان کو کوئی دلچسپی نہیں۔

اس موقعے پر بات کرتے ہوئے ہنزہ کے ایک سماجی کارکن اور بزنس مین رحمت کریم کا کہنا تھا کہ میر پیلس سے بلتت فورٹ چوک تک روڈ کی توسیع کا کام ہوچکا ہے لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود اس روڈ کو میٹل نہیں کیا گیا ہے۔ محکمہ تعمیرات کے افسران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کام التوا کا شکار ہے۔ روڈ پر سیاحوں کیلئے پیدل چلنا ناممکن ہے روڈ میٹل نہ ہونے کی وجہ سے گردو غبار اور ٹریفک جام ہونا معمول بن چکا ہے پبلک ٹوائلٹس نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے سیاح رات کو ہوٹلوں میں قید ہوجائے ہیں ان سب مشکلات کا پتہ ہونے کے باوجود محکمہ سیاحت خاموش ہے ہم نے محکمہ سیاحت کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیاہے مگر محکمے کی جانب سے اس اہم ٹورسٹ پوائنٹ کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم گورنر ،وزیر اعلی اور چیف سیکریٹری سے اپیل کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے اس اہم سیاحتی مقام کو درپیش مسائل کو فوری حل کرے تاکہ علاقے میں آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو مناسب سہولیات فراہم کی جاسکے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button