متفرق

بجلی گھر بحالی تحریک کے دوسرے مرحلے میں خواتین اور بچوں کو بھی دھرنے اور بھوک ہڑتال میں شریک کرنے کا اعلان

چترال (بشیر حسین آزاد) تحریک بحالی ریشن بجلی گھر کے کارکنوں نے دس دنوں سے جاری احتجاجی دھرنہ ختم کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر چترال کاموقع پہ جاکر صوبائی حکومت کی طرف سے بجلی گھر کی تعمیر نو پر کام شروع کرنے کے لئے تاریخ کے اعلان کو بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ تحریک کے دوسرے مرحلے میں خواتین اور بچوں کو بھی دھرنے اور بھوک ہڑتال میں شریک کرلیں گے۔ ریشن میں دھرنے کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے صدر اور سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن اور دوسرے رہنماؤں سید سردارحسین شاہ، وور محمد خان، خواجہ نظام الدین ایڈوکیٹ، حاجی بلبل امان اور دوسروں نے کہا کہ سیلاب بردگی کے ایک سال بعد بھی صوبائی حکومت کا ادارہ پیڈو کی طرف سے بجلی گھر کی تعمیر نو پر کام شروع نہ کرنا افسوسناک ہے جس سے 16ہزار گھرانوں کو بجلی مہیاہوتی تھی ۔ انہوں نے روزانہ بھوک ہڑتال کے دورانیہ چھ گھنٹوں سے بھرہا کر بارہ گھنٹے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ پرامن طور پر صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے مگر صوبائی حکومت کو ان کے صبر کا مزید امتحان نہ لینا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والی پی ٹی آئی کی حکومت نے ریشن بجلی گھر کو ایک سال سے لاوارث قرار دے کر اپنے نعروں کے برخلاف کام کیا ہے اور چترال کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب برد بجلی گھر کی بحالی میں ایک فیصد کام بھی گزشتہ ایک سال کے دوران نہیں ہوا حالانکہ فنی ذرائع کے مطابق بجلی گھر کے جنریٹر ، ٹربائن اور دوسرے اہم پرزے صحیح سلامت ہیں اور معمولی مرمت کے بعد بجلی گھر کو دوبارہ چالو کیا جاسکتاتھا کیونکہ بجلی گھر کا پاؤر چینل اور ٹینک سوفیصد محفوظ ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہیں ضلعی انتظامیہ اور حکومت ڈرا نے اور دھمکانے کی کوشش ہر گز نہ کرے اور حکومت کی طرف سے تماشائی اور ریشن میں جاری احتجاج کو نظر انداز کرنا عوامی غیض وغضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ مقررین نے کوشٹ میں پل کے گرنے کے نتیجے میں تین افراد کی موت کے خلاف احتجاج کرنے پر بونی کے تحصیل انتظامیہ کی طرف سے گیارہ افراد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی آر کی منسوخی اور ان کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔ بعد ازاں علاقے کے خواتین کونسلروں گل وقت بیگم، شاہدہ اور بی بی صدیقہ نے میڈیا کو بتایاکہ بجلی گھر پر کام شروع نہ کرنے پر خواتین میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے اور وہ کسی بھی وقت مردوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button