چترال

 ایس آر ایس پی کی طرف سے بلدیاتی نمائندگان کے لئے تربیتی ورکشاپ؛ ضلع ناظم کی خصوصی شرکت

چترال(بشیر حسین آزاد) ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی سسٹم کو کامیاب بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسمیں منتخب بلدیاتی ممبران کا کردار سب سے اہم ہے۔ گذشتہ روز دروش میں سی ڈی ایل ڈی SRSPکی طرف سے منتخب بلدیاتی ممبران کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ناظم ضلعی حکومت چترال نے SRSPکے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اہم نوعیت کی سرگرمی کا انعقاد کرکے ادارے نے بلدیاتی سسٹم کو مضبوط کرنے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ حاجی مغفرت شاہ نے کہا کہ ویلج کونسل سسٹم کا فرنٹ لائن ہے اور اس فرنٹ کو مضبو ط اور فعال بنا کر عوامی مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے توقعات رکھتے ہیں اور انہیں پورا کرکے ہی عوامی اعتماد کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ بلدیاتی نمائندگان اپنے ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے دلجمعی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا ضلعی حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر اپنی خدمات جاری رکھے گی ۔ ضلع ناظم نے کہا زور دیکر کہا کہ ایس آر ایس پی کی طرف سے منعقد کردہ اس تربیتی پروگرام سے مکمل استفادہ حاصل کیا جائے تا کہ سسٹم کے بارے میں جانکاری کے ساتھ ساتھ معاملات بہتر طریقے سے انجام دئیے جا سکیں۔انہوں نے تربیتی اور آگاہی پروگرامات کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے انہیں نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے SRSPسی ڈی ایل ڈی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر منیر احمد سید نے کہا کہ ایس آر ایس پی نے لوکل گورنمنٹ کے درمیان مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط ہو چکا ہے جسکے تحت SRSPضلع کونسل، تحصیل کونسل اور ویلج کونسل کے اراکین کو موجودہ بلدیاتی سسٹم کے حوالے لازمی ٹریننگ فراہم کر رہی ہے جبکہ تربیت کاروں کی فراہمی لوکل گورنمنٹ کی طرف سے ہورہی ہے۔ انہوں نے ان تربیتی پروگرامات کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں ضلع ناظم کی دلچسپی سب سے بڑھ کر ہے تاکہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں کونسل کے اراکین کو مشکلات درپیش نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی مستقبل میں بھی ایسے پروگرامات کا انعقاد کریگی۔ شرکاء تربیت کی طرف سے تاثرات بیان کرتے ہوئے ناظم ویلج کونسل اویسک جنجریت عمران الملک نے تربیتی پروگرام کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد پر SRSPسی ڈی ایل ڈی کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس تربیتی پروگرام میں خصوصی شرکت پر ضلع ناظم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ایس آر ایس پی کی طرف دروش ون اور دروش ٹو وارڈ کے آٹھ ویلج کونسلوں کے ناظم، نائب ناظم سمیت دو کونسلروں کو لوکل گورنمنٹ سسٹم کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالاکرام کے تعاون سے دیگر کونسلوں کے لئے بھی شیڈول مرتب کیا جا رہا ہے۔ ان تربیتی پروگرامات میں خصوصی طور پر ویلج کونسل سیکرٹریوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button