چترال

ارسون میں سیلاب؛ کم از کم دس افراد لاپتہ ہونے کی اطلاعات 

چترال(بشیر حسین آزاد) ہفتے کی رات نماز تراویح کے وقت اُرسون میں سیلاب آنے سے کم از کم دس افراد لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات نماز تراویح کے وقت ارسون کے گاؤں پائیتاسون گول میں سیلاب نے مقامی مسجد کو بہا لے گیا۔ دروش پولیس کے مطابق سیلاب کے نتیجے میں کم ازکم دس افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن میں حلیم اللہ ولد گل زرین، نعیم اللہ ولد گل زرین، محب اللہ ولد گل زرین، عبدالرزاق استاد ولد خان محمد، عبدالطیف ولد عبدالرزاق، شفیق ولد سید محمد، زار ولد عبدالعزیز، نور محمد ولد نور اسلام ، عبدالسلام ولد گل محمد زوار شامل ہیں۔ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں اور پولیس و دیگر امدادی کارکنا ن متاثرہ مقام تک نہیں پہنچ پائے ہیں کیونکہ سیلاب کی وجہ سے راستہ بند ہے۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ ارسون گول میں سیلاب کے بڑے ریلے نے نگر کے مقام پر دریائے چترال کے بہاؤ کو روک دیا ہے اور خبروں کے مطابق دریا کی سطح بلند ہو رہی ہے اور اسوقت کئی گھرانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ہفتے کی شام دروش اور اسکے گرد ونواح میں شدید گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوئیں ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button