نوجوان
ہلالِ احمر نوجوانوں میں رضاکارانہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے، نورالعین

گلگت(پ ر) ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اورقوموں کی ترقی نوجوانوں کی بہترسمت رہنمائی اور کردارسازی میں منحصرہے۔اسی مقصد کے تحت ہلال احمر پاکستان نوجوانوں کے اندررضاکارانہ خدمت کے جذبے کوفروغ دینے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں سرگرم عمل ہے، تاکہ یہ نوجوان معاشرے کے لئے کارآمد شہری ثابت ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نلترمیں ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے منعقدہ سالانہ یوتھ کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان قدرتی آفات کے متاثرین کی امدادوبحالی کی سرگرمیاں سرانجام دینے کے علاوہ نوجوانوں میں رضاکارانہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کررہا ہے۔جس کے تحت رضاکاروں کو ابتدائی طبی امداد،قدرتی آفات سے نمٹنے اور دیگرشعبوں میں خصوصی تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے سترہ ہزارسے زائدنوجوان ہلال احمرکے رضاکارکی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ رضاکاروں کے اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے، مگر ادارے کے محدودوسائل اس نیک مشن کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں،جس کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت اور مخیرحضرات کا خصوصی تعاون درکارہے۔انہوں نے رضاکاروں پر زوردیا کہ وہ ہلال احمر کا پیغام گھرگھرتک پہنچانے میں اپنا کرداراداکریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ادارے کی فلاحی خدمات سے مستفید ہوسکیں۔
