چترال

بروغل کے نوجوانوں کو ملازمتوں میں امتیازی سلوک کا سامنا، ناانصافی بند نہیں کی گئی تو نیشنل پارک نہیں بننے دینگے، یوتھ فورم

چترال ( بشیر حسین آزاد ) چترال کے پسماندہ ترین علاقہ بروغل کے یوتھ فورم کے نوجوانوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے بروغل نیشنل پارک کی اسامیوں میں اُن کے ساتھ کئے جانے والے امتیازی سلوک کی پرُزور مذمت کی ہے ۔ اور کہا ہے  کہ جب تک بروغل کے نوجوانوں سے انصاف نہیں کیا جاتا  وہ بروغل نیشنل پارک کوکسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔

چترال پریس کلب میں جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امین جان تاجک ویلج ناظم بروغل ، شفیق احمد ، عیسی خان ، نذیر احمد ، شیرین بیگ ،میر عزیز اور میرزا جان نے کہا ۔ کہ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے بروغل نیشنل پارک کی آسامیوں میں بھرتی کے سلسلے میں اُن کے قد ،صحت اور تعلیم کو بنیاد بناکر اُن کو حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے ۔ جو کہ سراسر قابل مذمت اور ظلم و زیادتی کی انتہا ہے ۔ کیونکہ بروغل چترال بلکہ پاکستان کا وہ پسماندہ ترین علاقہ ہے ۔ جو اب تک تعلیم،صحت کے اداروں اور خوراک سے محروم ہے ۔ وادی میں اب بھی لوگ پیدل ، گھوڑوں اور یاک پر سفر کرتے ہیں ۔ اور لوگوں کی زندگی کا انحصار مال مویشی پالنے پر ہے ۔جبکہ نیشنل پارک قائم کرکے بروغل کے مال مویشیوں کی خوراک بھی بند کی جارہی ہے اور مقامی نوجوانوں کو ملازمت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروغل جیسے دور اُفتادہ علاقے کے نوجوانوں سے چترال شہر کے نوجوانوں کا مقابلہ کرنے کی توقع کرنا کہاں کا انصاف ہے ۔

انہوں نے کہا  کہ بروغل کے عوام اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور وائلڈ لائف کو خبردار کرتے ہیں کہ بروغل کے نوجوانوں کو خصوصی رعایت دے کر اُن پوسٹوں پر تقرر کیا جائے ۔ بصورت دیگر تمام بروغل کے لوگ نیشنل پارک کا بائیکاٹ کریں گے ۔ انہوں نے چترال کے تمام سیاسی نمایندگان سے پُر زور اپیل کی کہ اُن کی حالت پر رحم کیا جائے ۔ اور نیشنل پارک کے مشتہر پوسٹوں پر مقامی نوجوانوں کا تقرر کیا جائے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ علاقے میں تعلیم، صحت اور خوراک کی کمی کا ذمہ دار حکومت ہے ۔ اور آج کے جدید دور میں بھی بروغل ہمارے حکمرانوں کی عدم توجہ اور امتیازی سلوک کی وجہ سے انتہائی طور پر پسماندگی کا شکار ہے ۔ اس کے باوجود یہاں کے لوگوں پر رحم نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا  کہ علاقے کے نوجوانوں کو اگر نظر انداز کیا گیا تو بہت سے مسائل اُٹھ سکتے ہیں ۔ اور محکمہ وائلڈ لائف کسی صورت اس نیشنل پارک کو کامیاب نہیں کر سکتا ۔ نیشنل پارک کو کامیاب بنانے کیلئے مقامی نوجوانوں کو رعایت دے کر اُن کا تقرر کرنا انتہائی ضروری ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button