صحت

محکمہ صحت گلگت نے اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

گلگت (پ ر) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز گلگت کے دفتر سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت گلگت بلتستان قلیل بجٹ اور محدود وسائل کے باجود عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹرز کا کردار خاص طور پر قابل ستائش ہے جو کہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مریضوں کے انتہائی رش کے باوجود محکمہ صحت کے ڈاکٹر اور دیگر عملہ انتہائی مستعدی سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیئے کوشاں ہے۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان کی جانب سے مسائل کے حل کے لیئے دن رات کوششیں جاری ہیں اور صوبے کے تمام طبی مراکز اور ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال اور صحت سے وابستہ سہولیات کی فراہمی کے لیئے محکمہ اپنی استعداد کار سے بڑھ کر کام کر رہا ہے۔ گلگت ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اگست کے مہینے میں 164 بڑے آپریشن کئے گئے جبکہ چھوٹے آپریشنز کی تعداد 1200کے لگ بھگ رہی۔ ہسپتال کے آرتھوپیڈک سیکشن نے 25آپریشن کئے۔ یورولوجی کے شعبے میں نمٹائے گئے کیسز کی تعداد25رہی۔ امراض ناک کان گلہ کے شعبے نے 18کیس نمٹائے۔ شعبہ نسوانی امراض میں اگست کے مہینے میں 115مریضوں کا علاج مکمل کیا گیا۔ یاد رہے کہ اسپتال کے تمام شعبے مکمل طور پر فعال ہیں اور اپنی شعبوں کے ماہر ترین ڈاکٹر پوری تندہی سے مریضوں کے علاج میں مصروف رہتے ہیں تاکہ کسی بھی مریض کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اگست کے مہینے میں ہی اسپتال میں ڈائیلاسز کے 101مریضوں کا علاج بھی کیا جاچکا ہے۔ الٹرا ساونڈ کے شعبے بھی مکمل طور پر فعال اور اپنی استعداد کار کے مطابق کام کر رہا ہے اور اس شعبے میں 1887الٹراساونڈکئے جاچکے ہیں۔ سی ٹی سکین کے 162کیس مکمل کئے گئے۔ اگست کے مہینے میں اسپتال میں نئے داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد 1542رہی۔ مردانہ شعبہ بیرونی امراض میں علاج کے لیئے آنے والے مریضوں کی کل تعداد اگست میں 6461اور خواتین کے شعبہ امراض میں آنے والے مریضوں کی تعداد 5100تھی جن کا ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نے کامیاب علاج اور مرض کی تشخیص کی۔ شعبہ اطفال میں علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کی تعداد 2809تھی۔ ہسپتال کے ڈینٹل سیکشن نے 1154مریضوں کا علاج کیا۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال گلگت کے شعبہ حادثات میں لائے گئے مریضوں کی تعداد 3000تھی ۔ ہسپتال میں پیدائش کے 441کیسز مکمل ہوئے ۔ اگست کے مہینے میں ہسپتال میں اموات کے 32کیسز رپورٹ ہوئے اور پوسٹ مارٹم کے 4کیسز مکمل کئے گئے۔

DHQگلگت کا لیب سیکشن بھی مکمل طور پر فعال ہے اور 11857مختلف اقسام کے ٹیسٹ اگست کے مہینے میں کئے جا چکے ہیں۔محکمہ صحت گلگت بلتستان عوام الناس کو بیماریوں سے بچاؤ میں مدد دینے کے لیے ہر وقت کوشاں ہے اور محکمہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صحت سے متعلق سہولیا ت کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ محکمہ صحت عوام سے اس بات کی امید رکھتا ہے کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں محکمہ کے ساتھ عوام اپنے بھرپور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button