متفرق

جنگِ آزادی کے ہیروز کو یاد رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، مقررین کا شگر میں تقریب سے خطاب

شگر(عابد شگری) آزادی کا مطلب اور قیمت ان اقوام سے پوچھے جو ابھی تک غلامی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔گلگت بلتستان کو ہمارے اباؤ و اجداد نے خود لڑکر حاصل کیا اور پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔ کرنل حسن خان،میجر بابر خان،گروپ کیپٹن (ر) شاہ خان اور دیگر ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھنا ہماری اور آئندہ آنے والی نسلوں کی ذمہ داری اور فریضہ ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن شگر عبدالحمید،سابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر حسن خان اماچہ،سابق ممبر ضلع کونسل حاجی وزیر فداعلی ،سید محمد عراقی ،محمد جمیل شیخ و دیگر نے جشن آزادی گلگت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہائی سکول شگر کے زیر اہتمام ڈیجیٹل لائبریری شگر میں جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں معززین،طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ اس کی قدر و قیمت ان اقوام اور لوگوں سے پوچھیں جو ابھی تک غلامی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔پاکستان بننے کے بعدارض شمال کے سپوتوں نے خود لڑ کر اس خطے کو ڈوگروں سے آزاد کرایا۔ڈوگرے اس خطے پر جبری مسلط تھے اور ہمیں غلاموں سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور کررہے تھے۔پاکستان آزاد ہونے کے بعد یہاں کے غیرت مند لوگوں کے باغیرت آفیسران نے مل کر ایک منظم کوشش کے تحت ڈوگرہ راج کا خاتمہ کیا اور ڈوگرہ گورنر گھنسارہ سنگھ کو گرفتار کرکے اس خطے کی باقاعدہ آزادی کا اعلان کیا۔اس میں پیش پیش کرنل مرزہ حسن خان،میجر بابر خان،میجر براؤن،گروپ کیپٹن شاہ خان اور گلگت سکاؤٹس کے  دیگر آفیسران اور جوان شامل تھے۔ہمیں اباؤ اجداد نے آزادی کے بعد پاکستان میں بلاشرط پاکستان سے الحاق کیا۔ان ہیروز کی کارناموں ہمیشہ یاد رکھنا ہماری اور طلباء کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔

گرلز ہائی سکول شگر میں جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب میں شگر بھر کے سکولوں کے طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔جس میں طالبات نے ملی نغمے اور جشن آزادی کے حوالے سے تقریر اور کوئزپیش کئے۔طالبات اور اساتذہ نے اپنے تقاریر میں آزادی کا مفہوم اور آزادی کی قیمت کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ جشن آزادی گلگت بلتستان کے مختلف مراحل اور اسباب کے بارے میں تفصیلی طور پر شرکاء اور طالبات کو آگاہ کیاگیا۔

تقریب میں جشن آزادی گلگت کے ہیروز اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہداء کے بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button