صحت

وزیر اعلی گلگت شہر میں جی بی ہیلتھ انشورنس سکیم کاباضابطہ افتتاح کریں گے

گلگت( پ ر) محکمہ صحت و بہبود آبادی گلگت بلتستان کی جانب شروع کئے جانے والے گلگت بلتستان ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن کریں گے۔ جی بی ہیلتھ انشورنس سکیم کے پراجیکٹ ڈائیریکٹر سید اشتیاق حسین نے اس سکیم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتداء میں یہ سکیم گلگت شہر میں متعارف کرائی جا رہی ہے اور اگلے مرحلے میں اس کا دائرہ کارگنگچھے ، ہنزہ، غذر،نگر اور دیگر ڈسٹرکٹس تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 193 ملین روپوں کی لاگت سے شروع کیا جانے والا یہ قدم صحت کے شعبے میں انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور صرف گلگت شہر میں ہی 40ہزار سے زائد افراد اس سکیم سے مستفید ہونگے۔ اس سکیم کے تحت لوگوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈز دیئے جا رہے ہیں اور یہ افراد مخصوص اسپتالوں سے اپنا علاج معالجہ مفت میں کرا سکیں گے۔ صحت حفاظت کارڈ رکھنے والے مستحق افراد کے علاج کی مد میں فی کس 25000روپے سالانہ تک کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔ اور اس سکیم کے تحتمستحق خاندانوں کو ایک لاکھ پچھتر ہزار روپے تک کی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے سکیم کے بارے میں مزید بتا یا کہ اس سکیم کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ جرمنی کی حکومت نے مالی تعاون کیا ہے ۔ انکا کہناتھا کہ عوام کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کو عزم ہے اور وزیر اعلی گلگت بلتستان نے تاکید کی ہے کہ یہ کارڈز صرف مستحق اور ضرورت مند افراد کو فراہم کئے جائیں تاکہ ان کو علاج معالجے کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری نہ پیش آئے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر سید اشتیاق حسین نے کہا کہ یہ سکیم حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے شروع کئے جانے والے بہت سارے عوام دوست منصوبوں کی ایک کڑی ہے اور اس سکیم کو کامیاب بنانے کے لیئے سیکریٹری محکمہ صحت و بہبود آبادی سعید اللہ خان نیازی کی کوششیں قابل تحسین ہیں جنہوں نے انہتائی کم عرصے میں اس سکیم کو متعارف کرنے کے لیئے تمام ضروری مراحل طے کئے ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button