عوامی مسائل

چترال کے مختلف علاقوں میں بجلی فراہمی کے لئے امیر مقام اورایم این اے افتخار الدین پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم

چترال (بشیر حسین آزاد) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے چترال کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں اپنے مشیر انجینئر وفاقی وزیر امیر مقام اور ایم این اے شہزادہ افتخار الدین پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جوکہ چترال کے کم از کم 100گاؤں کو گولین گول پراجیکٹ سے بجلی کے فراہمی کے اقدامات کی نگرانی کریگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف نے اپنے اعلان کو عملی جامہ پہناتے ہوئے چترال کے کم از کم 100گاؤں کو گولین گول پراجیکٹ سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے اس سلسلے میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام اور چترال سے رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین شامل ہیں۔اس حوالے سے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ چترال کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اس سال مارچ میں ایم این اے شہزادہ افتخارالدین نے پیسکو حکام کے ساتھ ملکر ایک سروے کیا تھا اور اس سروے کی روشنی میں ایک پی سی ون تیار کر لیا گیا تھا جسکے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کیا گیا تاہم بعد ازاں بعض نئے ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی ون کو ریوائز کیا گیا اور نئے پی سی ون میں چترال کے اندر کم از کم 3جگہوں پر گرڈ اسٹیشن قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جن میں دروش، قاغلشٹ اور ماربل سٹی کا مجوزہ مقام گنگ شامل ہیں۔ چترال کے مختلف گاؤں کو گولین گول پراجیکٹ سے بجلی کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے چار ارب سے زائد فنڈ بھی منظور کیا جا چکا ہے جبکہ اس عمل کی نگرانی کے لئے گذشتہ دنوں دو رکنی کمیٹی قائم کر لی گئی ہے اور اسکا مراسلہ صوبائی چیف سیکرٹری کو ارسال کیا جا چکا ہے۔ اس حوالے ایم این اے شہزادہ افتخارالدین نے بھی پیش رفت کا اقرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت چترال میں وفاقی حکومت کے فنڈ سے 38ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور کئی ایک منصوبے شروع کئے جارہے ہیں ۔ لواری ٹنل اور گولین پراجیکٹ کے اربوں روپے اسکے علاوہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم چترال کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور اس وقت صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں سے سب سے زیادہ فنڈ چترال کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ایم این اے چترال انہوں نے مختلف منصوبوں کے حوالے سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے خصوصی درخواست کرکے انکی منظوری حاصل کی ہے اور چترال کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button