متفرق

غذر کے صحافیوں نے رپورٹنگ کے اعلی معیار کو برقرار رکھا ہے، ڈپٹی کمشنر

غذر(معراج عباسی) ڈپٹی کمشنر غذر میر وقار احمد نے پریس کلب غذر کے دورے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کردار بے حد اہم ہے ۔دلی خواہش ہے کہ میڈیا کے ساتھ مل کر غذر کی تعمیر و ترقی کے لئے کردار ادا کروں ، ضلع غذر کے صحافیوں نے رپورٹنگ کے اعلی معیار کو برقرار رکھا ہے ۔ انتظامیہ اور پریس کلب کے درمیان مثالی ہم آہنگی موجود ہے ۔ ہم صحافیوں کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ضلع غذر میں قیام امن اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ غذر شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے یہاں کے فرزندوں نے وطن کی دفاع اور تحفظ کی خاطر قربانیاں دیکر پوری قوم کو سرخرو کردیا ہے ان تمام شہیدوں اورغازیوں کے خدمات کو یاد رکھنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ضروری تھا کہ غذر میں یاد گار شہدا تعمیر کی جاتی ہے اور ہم نے بھر پور کوششوں کے بعد سٹی پارک گاہکوچ میں یاد گار شہدا تعمیر کی ہے جس میں تمام اعزازات حاصل کرنے والے شہیدوں کے نام تحریر کئے گئے ہیں یاد گار شہدا کی مزید توسیع کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں خواہش ہے کہ یادگار میں دو اضافی ٹاورز تعمیر کئے جائیں اور یادگار سے ملحقہ زمین پر گیلری تعمیر کی جائیگی جہاں پر تما م شہدا کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی ۔ انہو ں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں ڈی سی غذر کے دفتر کو سائلین کے لئے ڈیوٹی ک اوقات میں کھلا رکھا جاتا ہے ۔ روزانہ درجنوں سائلین سے ملاقات ہوتی ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اپنے فرائض سے غفلت برتنے اور دفاتر سے غائب رہنے والے ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا ۔ ضلع غذر کے تمام سرکاری محکمہ جات کو لیٹر جاری کیا ہے کہ وہ سرکاری زمینوں پر موجود پھل دار اور غیر پھل دار درختوں فہرست فوری طور پر ڈی سی آفس پہنچا دیں ضلع بھر میں ایک بھی سرکاری درخت کی کٹائی کی اجاز ت نہیں ہوگی قانونی تقاضے پورے کئے بغیر کٹنے والے ایک بھی درخت کا حساب لیا جائیگا انہوں نے مزید کہا کہ گاہکوچ شہر کو گلگت بلتستان کا بہترین ٹاون بنانے کی خواہش ہے جس کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے گاہکوچ شہر کو پانی کی فراہم کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے جس کو فوری طور پر حل کردیا گیا ہے شہر بھر کو خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لئے انجمن تاجران کے ساتھ مل کرشہر کو ایک رنگ میں رنگنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گاہکوچ شہر آئندہ چند ماہ میں مختلف اور منفرد شکل میں نظر آئیگا

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو گاہکوچ میں ڈاکٹروں کی قلت سے آگاہ ہوں ، سرجن موجود ہے لیکن بے ہوشی کا ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب چھوٹے آپریشن بھی نہیں ہوتے ہیں سیکرٹری ہیلتھ سے ڈی ایچ کیو گاہکوچ کے مسائل حل کرنے کے لئے رابطہ کروں گا ۔ ڈی سی غذ رنے ا س موقع پر پریس کلب غذر کی کابینہ کے ہمراہ میونسپل لائبریری گاہکوچ کا دورہ کیا ۔

انہوں نے غذر میں تعینات سرکاری آفیسروں کی جانب سے لائبریری کی کتابیں واپس نہ کرنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایسے تمام آفیسران کی فہرست طلب کی جو ٹرانسفر ہونے کے باوجود کتابیں واپس نہیں کر رہے ہیں انہوں نے کہا سرکاری اورپرائیویٹ سکولوں کے طلبا و طالبات کو پابند کریں گے کہ وہ لائبریری کی کتابوں سے استفادہ حاصل کریں ۔

ڈی سی غذر میر وقار احمد کے دورہ پریس کلب کے موقع صدر پریس کلب غذر جاوید اقبال ، جنرل سیکرٹری ہدایت شاہ ، سینئر صحافیوں دردانہ شیر ، راجہ عادل غیاث اور معراج علی عباسی و دیگر صحافی بھی موجود تھے

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button