تعلیمگلگت بلتستان

قراقرم یونیورسٹی میں چین کے تعاون سے کنفیوشس سیٹ کا قیام عمل میں آگیا، انڈر گریجویٹ سطح پر چینی زبان کو میجر مضمون کے طورپر متعارف کروایا جائیگا۔

گلگت ( پ ر) : قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں چین کی سنکیانگ زرعی یونیورسٹی کے تعاون سے کنفیوشس سیٹ کا قیام عمل میں آگیا۔ سیٹ کے باضابطہ قیام کیلئے معاہدے پر دستخط اور نقاب کشائی کی تقریب زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہوئی۔ چین کی جانب سے چیئرمین کمیٹی آف چائنیز کمیونسٹ پارٹی اور وائس پریذیڈینٹ سنکیانگ زرعی یونیورسٹی چائنا پروفیسر ڈاکٹر لی باؤ چنگ ، KIUکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے KIUمیں کنفیوشس سیٹ کے قیا م کے معاہدے پر دستخط کئے، اور کنفیوشس سیٹ کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر کنفیوشس انسٹیٹیوٹ فیصل آباد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ینگ زی جیانگ ، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی اور آئی پی ڈی KIUکے ڈائریکٹر محفوظ اللہ بھی موجود تھے۔

چین کی سنکیانگ زرعی یونیورسٹی کی طرفسے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کئے گئے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے زیرانتظام KIUگلگت میں نوجوانوں کو چینی زبان و ثقافت سے جانکاری کیلئے انڈر گریجویٹ سطح پر چینی زبان کو میجر مضمون کے طورپر متعارف کروایا جائیگا۔ کنفیوشس سیٹ میں چائنیز زبان پر کورس کے بعد گلگت بلتستان کے طلباء کو کنفیوشس انسٹیٹیوٹ چائنا کی طرفسے اعلیٰ تعلیم کیلئے ہزاروں سکالرشپ کے مواقع ہاتھ آئیں گے۔

معاہدے کی تقریب کے موقع پر چیئرمین کمیٹی آف چائنیز کمیونسٹ پارٹی اور وائس پریذیڈینٹ سنکیانگ زرعی یونیورسٹی چائنا پروفیسر ڈاکٹر لی باؤ چنگ نے کہا کہ ان کی جامعہ کی طرفسے عالمی سطح پر کسی بھی ملک میں کنفیوشس انسٹیٹیو ٹ کا قیام پہلی کوشش تھی، تاہم دو برس کی محنت اور کوشش سے پوری دنیا میں اسے بہترین کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا درجہ ملنا ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ اسی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہم نے گلگت بلتستان کی واحد یونیورسٹی میں بھی اس کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر KIUپروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان نے کہا کہ طویل عرصے سے گفت و شنید کے بعد آج KIUمیں کنفیوشس سیٹ کا قیام عمل میں لایا گیاہے۔ جو کہ ملک میں تعلیم کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ کنفیوشس سیٹ کا قیام گلگت بلتستان کے طلباء، عوام اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی دیرینہ خواہش تھی، جو کہ آج پورا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں گلگت بلتستان کی ایک مسلمہ حیثیت ہے۔ چائنا کے تعلیمی ماہرین نے اس سیٹ کے قیام کیلئے گلگت بلتستان کا انتخاب کرکے اس حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔ میں یقین دلاتاہوں کہ KIUمیں قائم کنفیوشس سیٹ بہت جلد ملک کی بہترین انسٹیٹیو ٹ میں شمارہوگا۔ واضح رہے کہ کنفیوشس سیٹ کے قیام کے معاہدے کی تقریب گلگت KIUمیں منعقد ہونی تھی جس میں چیئرمین سنکیا نگ یونیورسٹی پروفیسر لی باؤچنگ و دیگر چائنیز حکام شریک ہونا تھالیکن گلگت کیلئے پرواز کی منسوخی کے باعث یہ تقریب کنفیوشس انسٹیٹیوٹ فیصل آباد منعقد کرنا پڑی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button