کوہستان(نامہ نگار) کوہستان میں چوتھے روز بھی بارشوں و برفباری کا سلسلہ جاری ، فلک بوس پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ،چاروں طرف مسحور کن سماں ۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع کوہستان اور اطراف میں پچھلے چاردنوں سے بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے ۔ کوہستان کے دیگر وادیوں سمیت کمیلہ داسو کے عقب میں موجود بلند وبالا پہاڑ’’لاش گلاش‘‘نے برف کی سفید چادراُوڑھ لی ہے جبکہ شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ ادھر جلانے کی لکڑی(بالن ) کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے ۔ گزشتہ روز چوچنگ کے مقام پر لینڈ سلائڈنگ سے شاہراہ قراقرم کچھ دیر کیلئے بلاک رہی جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں شاہراہ کے دونوں جانب لگی رہیں ۔شمالی علاقہ جات بابوسر ٹاپ سمیت ہربن بھاشا، جالکوٹ ، گبریال، ، رازیکہ وادی ، سوپٹ وادی ، مورو پالس وادی، منڈرو درہ وادی، شملڈا، کولئی ، بٹیڑہ ،بنکھڈ ، دوبیر و رانولیاء، جیجال ، کیال و شانگلہ کے مختلف دروں اور دیہاتوں میں بھاری برفباری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ مذکورہ علاقوں کے میدانی حصوں میں موسلادھا ربارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ جس سے موسم انتہائی سرد ہوگیاہے ۔