Uncategorizedگلگت بلتستان

راجہ جلال تحریک انصاف گلگت بلتستان کےصدر فتح اللہ خان جنرل سیکرٹری بن گئے

گلگت(ارسلان علی) راجہ جلال تحریک انصاف گلگت بلتستان کےصدر فتح اللہ خان جنرل سیکرٹری بن گئے ۔تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی دستخط سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پارٹی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بعد گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ کا اعلان کیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق تحریک انصاف نے راجہ جلال کو صوبائی صدر بنایا ہے جبکہ فتح اللہ خان جنرل سیکرٹری،شاہ ناصر سینئر نائب صدر اور تقی اخونزادہ کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ مشترکہ طور پر خواتین ونگ،یوتھ ونگ اور لیبر ونگ ،ڈویژنل عہدیداران اور ضلعی عہدیداران کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے گی۔ واضع رہے کہ اس سے قبل عبوری سیٹ اپ میں راجہ جلال صوبائی آرگنائزر،فتح اللہ خان اور شاہ ناصر ڈپٹی آرگنائزر اور تقی اخونزادہ سیکرٹری اطلاعات کے عہدوں پر فائز تھے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے ان تمام عہدیداروں کی کارکردگی پرمکمل اعتماد کرتے ہوئے اب انہیں مستقل بنیادوں پر صوبائی عہدے دئیے ہیں۔

نو منتخب صوبائی کابینہ کے اراکین نے 2015عام انتخابات میں پارٹی کی بدترین کارکردگی کے بعد پارٹی سنبھالا اور ایک سال کے عرصے میں پارٹی کو فعال رکھا اس دوران کئی نامور شخصیات بھی تحریک انصاف کا حصہ بنی جن میں پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے سابق صدر و سابق جج سپریم اپلیٹ کورٹ جسٹس(ر) سید جعفر شاہ ،پیپلزپارٹی ہنزہ کے رہنما نیکنام کریم کے علاوہ دیگر افراد شامل ہیں جو مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے تھے۔عبوری کابینہ کے اراکین نے تمام اضلاع میں بھی عبوری سیٹ اپ تشکیل دیا جس کی وجہ سے پارٹی کی مختلف اضلاع میں تحصیل سطح پر بھی تنظیم سازی کی گئی جبکہ ہنزہ کے ضمنی انتخابات میں پارٹی سیٹ کو نہیں نکال سکی مگر 1500سے زائد ووٹ حاصل کر کے ثابت کیا کہ وہ میدان میں موجود ہے۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق مستقل صوبائی کابینہ میں عبوری سیٹ اپ سے عہداروں کو لینے کی خبر میڈیاپر آنے کے بعد تحریک انصاف کے بعض رہنما سخت پریشان ہوئے اور اس فیصلے کو رکوانے کے لیے راتوں رات اسلام آباد جاکر ڈھیرے ڈالے رکھا مگر ان کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی اور مرکزی قیادت نے اپنا فیصلہ برقراررکھا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button