سیاست

ہنزہ میں یوم القدس کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی، فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

ہنزہ( بیورورپورٹ)ملک بھر کی طرح ضلع ہنزہ میں بھی جمعتہ الوداع یوم القدس منا یا گیا ہنزہ میں بھی فلسطینی مظلوم عوام کی حمایت میں ریلی نکالی گئی ریلی مسجد علی ،علی آباد سے شروع ہوکر الکریم بیکری تک نکالی گئی وہاں پر علمائے کرام نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی عوام پر اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کردی ہے ہم فلسطینوں کی آئینی ،جمہوری اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جو آج تک جاری ہے اُن کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ،او آئی سی اور مسلم ممالک اپنی زمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔علمائے کرام نے مزید کہاکہ اے مستضعفین عالم ،اُٹھ کھڑے ہو اور سپرطاقتوں کے مقابلے میں ڈٹ جاؤ ،اگر آپ ڈٹ گئے تو یہ آپکا کچھ نہیں بگاڈسکتے۔دنیا میں کہیں بھی مستضعفین ہوں انھیں پوری طاقت کے ساتھ اپنا حق حاصل کرلینا چاہئے ۔وہ اس بات کے انتظار میں نہ رہیں کہ سامراجی طاقتیں انھیں ان کا حق دیں گی ۔استکباری طاقتیں کسی کا حق نہیں لوٹا تیں ۔

وادی ہنزہ کا یہ مرکزی احتجاجی ریلی و اجتماع بسلسلہ عالمی یوم القدس برائے یکجہتی مظلومین و مستضعفین ومظلوم جہاں کے حق میں قرار داد پیش کیا۔

۱۔KPKکی نام نہاد سیکولر حکومت کی جانب سے ایک ایسے مدرسے کو جو بدنام زمانہ ہے اور اس ملک میں دہشت گردی کے لئے سب سے زیادہ تا رگٹ کلرز کی تربیت دیتا ہے30کروڈ کی خطیر رقم سے نوازنے پر ہم سراپا احتجاج ہیں اور اسے نیشنل ایکشن پلان و ضرب عضب کے خلاف مزاہمتی فنڈسے تعبیر کرتے ہوئے پاک افواج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری ایکشن لیکر اس رقم کو اپنی تحویل میں لے لیں۔

۲۔ملک عزیز میں تکفیری مدارس اپنے مذموم عزائم اور عالمی استکباری کے مذموم مقاصد کو بروئے کار لاتے ہوئے اس ملک کی جڑوں پر کاری ضرب لگارہی ہیں لہذا پاک افواج بغیر تاخیر کے ان مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد ملکی سا لمیت کو یقینی بنائیں۔

۳۔فلسطین کے مظلوم و بے بس عوام خصوصا غزہ کے ۹سال سے صیہونی محاصرے میں سسکتے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے یہ احتجاجی ریلی واجتماع اقوام متحدہ کی بے بسی پر تنقید کرتے ہوئے بھر پور احتجاج کرتاہے اور اقوام متحدہ کو امریکی لونڈی بننے کی بجائے بھر پور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

۴۔عالمی یوم القدس منانے کا مقصد نام نہاد عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے لہذا پاکستان کے عوام بالعموم اور ہنزہ و نگر کے عوام سے بالخصوص مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ گھروں میں بیٹھنے کی نجائے عالمی یوم القدس کا حصہ بنیں ۔

۵۔دنیا کے خائن مسلم حکمرانوں سے بھر پور مطالبہ ہے کہ وہ صیہونی اور اسلام دشمن استعماروں کے آلۂ کار بننے کے بجائے اسلام حقیقی کے علمبرداروں کا ساتھ دیتے ہوئے عالمی یوم القدس میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ۶۔امریکہ اور اسکے پردردہ خون آشام حکومتیں ،بحرین،یمن،عراق،شام ،نائیجریا میں زلت آمیز شکست کے بعد اب اپنی اسلحہ ساز کمپینوں کے زریعے دیگر اسلامی ملکوں میں اپنا اثرونفوز کے خواہاں ہیں لہذا حکومت وقت سے بھر پور مطالبہ ہے کہ امریکہ سے مزید گھاٹے کا سودا کرنے کی بجائے اس سے مکمل بائیکاٹ کا راستہ اختیارکرے۔

۷۔گلگت بلتستان اپنے زوربازو سے آزاد شدہ ایک علاقہ ہے لہذا یہاں سازشوں کا جال بچھا کر عوامی اتحاد کو پارہ پارہ کرکے کسی کو بھی من مانی مقاصد حاصل کرنے نہیں دیا جائے گا لہذا حکومت ہوش کے ناخن لیں،اور یہاں کے باسیوں کو تمام انسانی حقوق بشمول آئینی حقوق سے مزید محروم کرنے کی کوشش نہ کرے۔

۸۔ملک بھرمیں خصوصا کراچی ،کوئٹہ ،پشاور اوردیگر شہروں میں ملت تشیع سے تعلق رکھنے والے چیدہ چیدہ افراد کو تارگٹ کلنگ نہ صرف قابل افسوس و قابل تشویش ہے بلکہ یہ عمل ملک کی سالمیت اور حقوق انسانی کے سخت خلاف ہے لہذا یہ اجتماع حکومت و انتظامیہ سے بالعموم اور افواج پاکستان سے بالخصوص بھر پور مطالبہ کرتاہے کہ اس مذموم عمل میں ملوث نادیدہ ہاتھوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کیفرکردار تک پہنچائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button