متفرق

چلاس: سونی دیامر کے نام سے نئی تنظیم کی داغ بیل رکھ دی گئ

چلاس(مجیب الرحمان)علم سے پیار،عصبیت سے بیزار ،امن و محبت کا پرچار اہلیان دیامر کے پڑھے لکھے طبقے نے سونی دیامر کے نام سے نئی تنظیم کی داغ بیل ڈال دی۔ دیامر پریس کلب میں تنظیم سونی دیامر کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی امام جمعہ والجماعت مولانا محمد ایاز صدیقی جبکہ صدر محفل صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق، میر محفل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس ڈاکٹر عبدالاحد تھے۔ تقریب میں واپڈا کے حکام سمیت درس و تدریس سے منسلک افراد،لائرزسماجی کارکنان،سیاسی راہنماؤں،بوائے سکاؤٹس کے علاوہ تنظیم سونی دیامر کے کارکنان اور راہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مہمان خصوصی خطیب مرکزی جامع مسجد مدنی مولانا محمد ایاز صدیقی نے کہا کہ دیامر کے باشعور طبقے نے دیامر میں پائی جانے والی سماجی برائیوں کے خاتمے اور تعلیم اور صحت کے فروغ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ان کے دانشمندانہ استعمال سے آگاہی کے لئے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ تنظیم کے اراکین مخلص ہو کر اس مستحسن اقدام کو عملی جامہ پہنائیں۔علماء کرام بھر پور حمایت اور تعاون کریں گے۔آپس میں اتفاق و اتحاد ،رواداری صبر و تحمل کو فروغ دیں۔خطبہ حجتہ الوداع کا عملی نمونہ بن کر تفرقات کا خاتمہ کریں اور اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد انصار کی طرح کے جذبے کی طرح کریں۔اس طرح کی فلاحی تنظیموں کا قیام علاقے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔تنظیم کو جس مقصد کے لئے قائم کی گئی ہے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ریاستی اداروں کی سرپرستی میں تمام اراکین فعال کردار ادا کریں۔

میر محفل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالاحد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میگا منصوبوں کی ضروریات اور لاحق خطرات کو مد نظر رکھ کر علم کے فروغ اور باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کریں۔

تقریب کے صدر محفل ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے اپنے خطاب میں کہا کہانفرادی سوچ ،تعصبات،علاقائی رنگ و نسل کے خول سے نکل کر اجتماعی سوچ کو فروغ دینا ہی اصل کامیابی ہے۔معاشرے میں انصاف مساوات اور بھائی چارگی کو فروغ دے کر ہی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں۔سونی دیامر تنظیم دیامر کی تعمیر و ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔صوبائی حکومت اس تنظیم کی سفارشات پر ضرور عملدرآمد یقینی بنائے گی۔اور دیامر کے عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ یقینی بنائینگے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے ہم اپنی سوچ کو بدلیں اور ذات پات رنگ و نسل وطن قبیلے اور حق و باطل کی پراہ کئے بغیر انصاف اورمساوات کو ترجیح دیں۔اور دیامر سمیت سی پیک اور دیامر بھاشا ڈیم جیسے اہم منصوبوں کو لاحق خطرات کو ناکام بناتے ہوئے ملک پاکستان اور دیامر کو سونی بنانے میں کردار ادا کریں۔ظلم پر مبنی سوچ،عدم مساوات،انسانیت کی تذلیل کو ختم کریں اور دوسروں کو عزت و احترام دیں۔اپنی ذمہ داریوں کو فرض شناسی سے سر انجام دیں ۔اور اجتماعی سوچ کو اپناتے ہوئے علاقے سے جہالت کے خاتمے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنے حصے کی قربانی دیں۔

تقریب سے ڈی ڈی ٹرائیبل ڈویلپمنٹ واپڈا رحیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر کی تعمیر و ترقی میں معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔واپڈا دیامر میں سماجی تعمیراتی اور ترقیاتی شعبوں میں بہتری کے لئے کوشاں ہے۔دیامر کی پسماندگی کے پیش نظر ایجوکیشن ،صحت اور سماجی بھلائی کے لئے واپڈا اقدامات اٹھا رہا ہے۔تقریب سے ڈی ڈی واپڈا مقبول بنگش نے خطاب میں کہا کہ سونی دیامر دیامر کی تعمیر و ترقی اور مثبت سوچ کا عکاس ہے۔پہلی بار دیامر میں تعمیر و ترقی کا پودا لگایا گیا ہے اس پودے کی آبیاری سب نے ملکر کرنا ہے۔جنگلات پودے لگانے سے نہیں بنتے بلکہ ذہنی تبدیلی لانے سے بنجر پہاڑ بھی جنگلات میں تبدیل ہوتے ہیں۔پرست اعلیٰ دیامر پریس کلب حاجی سرتاج خان نے کہا کہ دیامر کے باشعور طبقے کی جانب سے دیامر کی تعمیر و ترقی اور دیامر کا بہتر تشخص دنیا کے سامنے لانے اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے بہترین پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔سب نے ملکر اپنے حصے کی شمع جلانی ہوگی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد اسمٰعیل نے کہا کہ دیامر میں تعلیمی فروغ اور بہتری کے لئے سونی دیامر کا سپورٹ ادارے کی کارکردگی کو مزید نکھارنے اور بہتر بنانے میں سود مند ثابت ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چئیر مین سونی دیامر قاری محمدوزیر صدیقی نے کہا کہ تنظیم کا مقصد خود کو بدلنا ہے دھرتی ہماری ماں ہے اس دھرتی کی تعمیر و ترقی ہماری ہی ذمہ داری ہے اس ذمہ داری کے تحت دیامر کے باشعور اور پڑھے لکھے طبقے کے ساتھ ملکر دیامر میں تعلیم صحت اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرینگے۔انہوں نے اہالیان دیامر سے دیامر کی تعمیر و ترقی میں سونی دیامر کے ساتھ ملکر جدوجہد کرنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دیامر میں جلد ہی علماء پر مشتمل ایک ونگ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کا نام جرگہ رکھا جارہا ہے۔ جرگہ دیامر میں پائے جانے والے اختلافات کا حل نکالے گا اور صلح صفائی سے معاملات حل کئے جائینگے۔

چئیر مین سونی دیامر گلگت بلتستان کے چئیرمین مولانا محمد دین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر میں عصبیت رگ رگ میں بس کر ناسور بن چکی ہے۔عصبیت،جہالت بے اتفاقی قوموں کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرتی ہے۔مستقبل کے چیلنجز کو سمجھتے ہوئے سونی دیامر تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔تعلیمی پسماندگی،عصبیت کا خاتمہ کر کے خطے میں امن و محبت اور علم کا پرچار کرینگے۔اور آپس میں اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھتے ہوئے تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے اور حکومت کی سرپرستی میں خطے کو امن و محبت اور خوشحالی کا گہوارہ بنائینگے۔

کوآرڈینیٹر سونی دیامر راولپنڈی اسلام آباد زون عبدالوہاب نے تنظیم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سونی دیامر ایک غیر منافع بخش فلاحی تنظیم ہے۔جو حکومتی سرپرستی میں تعمیر و ترقی کے لئے جدو جہد کرے گی۔کمیونٹی موبلائزیشن کے ذریعے امن بھائی چارہ ،علاقے میں پائیدار ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے تعلیمی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کیا جائے گا۔عصبیت کا خاتمہ ،قدرتی وسائل کا تحفظ اور انکا دانشمندانہ استعمال کو اجاگر کیا جائے گا ۔ایک دوسروں سے محبت اور مدد کا جذبہ پیدا کیا جائے گا۔۔۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button