
حسن شفقت دوستی، ایگری ٹیکنیکل ایسوسی ایٹ

کسی بھی موسم کی مروجہ سبزیات کو وقت سے پہلے یا بعد کی کاشت اور برداشت کو اس سبزی کی غیر موسمی کاشت کہا جاتا ہے۔ خصوصی حالات کے تحت سردیوں کی سبزیات گرمیوں میں اور گرمیوں کی سبزیات سردیوں میں کامیابی کے ساتھ اگائی جا سکتی ہیں۔ موسم گرما کی سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ کر سرد موسم میں اگانے اور پیداوار حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی کو ٹنل فارمنگ کہا جاتا ہے۔ یعنی ٹنل فارمنگ میں سبزیات کو کورے سے بچانے اوراُگتی پیداوار بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ سورج کی روشنی کو استعمال کرتے ہوئے درجہ حرارت کو بڑھانا۔ جبکہ گرین ہاوس میں گرمی کو کم کرنے کے لئے اقدامات جیسے پنکھے، کولر سسٹم ، سبز میش شیٹ اور ایگزاسٹ کو استعمال کرتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔گرین ہاوس کے اندر تمام موسمی عوامل مثلا نمی، درجہ حرارت، روشنی، بارش اور ہوا کے تناسب کو کامیابی سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے جبکہ پلاسٹک شیٹ سے ڈھکے ٹنل میں سبزیات کو صرف کورے یا سردی سے بچایا جاسکتا ہے۔ دیگر موسمی عوامل سے بچاو ممکن نہیں۔ لہذا یاد رہے کہ پلاسٹک ٹنل صرف گرمیوں کی سبزیات کو کاشت کرنے کے لئے کامیاب قرار دیا جاتا ہے۔