متفرق

چلاس: فرنیچر کے کارخانے میں آتشزدگی سے ترکھان جاں بحق

چلاس(بیورورپورٹ) شاہین گاؤں میں واقع فرنیچر کے کارخانے میں خوفناک آتشزدگی سے ترکھان جاں بحق ،کارخانہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔گزشتہ رات تقریباً دو بجے کے قریب اچانک کارخانے میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی افراد نے آگ کے شعلے دیکھ کر آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کو اطلاع کر دی۔فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122کی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور طویل جدو جہد کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔آگ بجھانے میں مقامی افراد نے بھی مدد کی۔آگ پر قابو پانے کے بعد ترکھان بشیر احمد ولد فضل احمد ساکن ہری پور کی لاش بر آمد کر کے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں کی جا سکی ہے تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے وجوہات جاننے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔جبکہ کارخانہ مالکان کی جانب سے کارخانہ جلائے جانے کی شک میں سٹی تھانہ چلاس میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔آتشزدگی کے اس واقعے میں کارخانے میں موجود لاکھوں مالیت کے لکڑی،فرنیچر اور مشینیں جل کر راکھ ہوئی ہیں۔اہل محلہ نے بتایا کہ اگر آگ پر فوری قابو نہ پالیا جاتا تو پورا گنجان آباد محلہ اور ملحقہ بازار آگ کی لپیٹ میں آسکتا تھا۔

سونیوال قبائل کے علماء کونسل، سپریم کونسل اور عمائدین معززین کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت مولانا عبدالباری شاہین گاؤں میں منعقد ہوا۔ جس میں فرنیچر کے کارخانے میں آتشزدگی کے واقعے کو دہشتگردانہ واقعہ قرار دیتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق غریب کاریگر کے لواحقین کی داد رسی کے لئے مالی معاونت جبکہ کارخانہ مالک کے نقصان کا ازالے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔شاہین گاؤں پائین گاؤں جلیل گاؤں تکیہ میں ناخوشگوار واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔پولیس نفری بڑھا دی جائے اور گشت کا مؤثر نظام عمل میں لایا جائے۔حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔سونیوال قبائل کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لئے اٹھتالیس گھنٹے کا الٹی میٹم بھی دیدیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button