جرائمگلگت بلتستان

دیامر: کومبنگ آپریشن کے دوران چھے مطلوب ملزمان اور 12مشتبہ افراد گرفتار

چلاس (پ ر ) ملک میں ناخوشگوار اور دہشتگردانہ واقعات کے بعد گلگت بلتستان میں سیکیورٹی ہائی الرٹ،دیامر بھر میں کومبنگ آپریشن کے دوران چھے مطلوب ملزمان اور 12مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔لاہور اور سیہون شریف سمیت دیگر صوبوں میں دہشتگردانہ واقعات کے بعد ناخوشگوار واقعات کے تدارک اور انسانی جانوں کی تحفظ کے لئے آئی جی پولیس کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اور ڈی آئی جی دیامر محمد شعیب خرم جانباز کے خصوصی احکامات کی روشنی میں دیامر پولیس نے مختلف مقامات پر کومبنگ آپریشن کی۔جبکہ داخلی خارجی راستوں میں ناکہ بندی کر کے شاہراہ قراقرم سمیت مختلف نالہ جات کے راستوں پر مسافر بردار اور دیگر گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور پیدل چلنے والوں کی سخت چیکنگ کی۔اس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر چالیس سے زائد گاڑیوں کا چالان بھی کر دیا گیا۔بغیر شناختی کارڈ کے سفر کرنے والے 12مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈز اپنے ساتھ رکھیں۔دوران کاروائی پولیس کو مطلوب چھے ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت کومبنگ آپریشن گھر گھر تلاشی اور گاڑیوں موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔دہشتگردانہ واقعات کو روکنے کے لئے داخلی خارجی راستوں میں چیکنگ کا عمل مزید مربوط اور موثر بنا دیا گیا ہے۔دیامر گیٹ وے ہونے کے ناطے بغیر شناختی کارڈ اور مشکوک افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔گلگت بلتستان آنے جانے والی تمام گاڑیوں کی مختلف چیک پوسٹس پر اور ناکہ بندی کر کے چیکنگ کی جا رہی ہے۔عوام اپنے ارد گرد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور منفی سرگرمیوں اور مشکوک حرکات و سکنات کی فوری طور پر پولیس کو خبر کر دیں۔تا کہ گلگت بلتستان پر امن رہے اور دہشتگردانہ واقعات سے بچاؤ ممکن ہو۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button