متفرق

شگر: ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈ آر کی پوسٹ کو ختم کرکے مسلم لیگ (ن) کا تعصب کھل کر سامنے آگیا ہے۔ عمران ندیم

شگر(عابد شگری) پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر و ممبر اسمبلی عمران ندیم نے کہا ہے کہ ضلع شگر میں ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈ آر کی پوسٹ کو ختم کرکے مسلم لیگ (ن) کا تعصب کھل کر سامنے آگیا ہے مسلم لیگ (ن) ایک جانب شگر کو ضلع بنانے کا احسان جتاتا ہے تودوسری جانب ضلع شگر کیساتھ کھل کر متعصبانہ رویہ اور امتیازی سلوک اختیار کیا ہوا ہے۔اگر کریڈٹ لینا ہی ہے تو شگر کو دوسرے ضلعوں کے برابر حق دیں۔عمران ندیم نے مزید کہا کہ وزیر اعلی ٰ نے گذشتہ دنوں ملاقات میں وعدہ اوریقین دلایا تھا کہ دو چار دن کے اندر این آئی ایس ایشو مکمل کرکے مکمل ایگزیکٹیو انجینئر کی پوسٹ پیدا کررہے ہیں۔ میں وزیر اعلیٰ کی بات پر اعتبار کروں یا اس آرڈر کو۔وزیر اعلی کو چاہیے کہ اس کو بدنام کرنے کی کسی نے سازش کی ہے تو اس کیخلاف سخت کاروائی کریں۔اگر وزیر اعلیٰ کے علم میں لائے بغیر کسی نے کی ہے تو وزیر اعلی فوری طور ایکسین کو واپس بھیجیں اور این آئی ایس بناکر بااختیار اورمکمل ایگزیکٹیو انجینئر تعینات کریں ورنہ وزیر اعلیٰ ٰ پر سے اعتماد ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جتایا ہے لیکن شگر میں مسلم لیگ (ن) کو بھی ووٹ ملا ہے ۔کیا صوبائی حکومت کے سامنے ان کے ان ووٹروں کی کوئی اہمیت نہیں۔ضلع شگر کیساتھ امتیازی سلوک جاری رہا اور شگر سے ایکسین کی پوسٹ کو ختم کیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی اور شگر کی عوام ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔ بلکہ سخت احتجاج کرکے اپنا حق لینا جانتے ہیں۔اور عوام سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ مسلم لیگ (ن) کے عزائم کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button