تعلیم

کالجز میں حاضری کے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے آئندہ دس روز کے اندر بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔ سیکریڑی تعلیم گلگت بلتستان

گلگت ( پ ر) سیکریڑی تعلیم گلگت بلتستان ثناء اللہ کی سربراہی میں گلگت بلتستان کے گورنمنٹ کالجز کے پرنسپلز کا ایک اہم اجلاس گلگت میں منعقد ہوا۔ جس میں کالجز کے تمام پرنسپلز سمیت نظامتِ تعلیمات (کالجز) کے انتظامی عملے نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام کالجز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کالجز کے تمام پرنسپلز نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے اپنے اپنے کالجز کی کارکردگی پیش کی۔ سیکریڑی تعلیم گلگت بلتستان ثناء اللہ صاحب نے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ وہ اس اہم فیصلے کو عملی شکل دیں کہ آئندہ تمام کالجز کے فیکلٹی ممبرز دفتری اوقات میں دوسرے پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے سے گریز کریں اور دفتری اوقات میں اپنی حاضری کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں سیکریٹری نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ تمام کالجز میں حاضری کے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے آئندہ دس روز کے اندر بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔ پرنسپلز کو یہ ذمہ داری دی گئی کہ وہ کالجز میں دس روز کے اندر اند ر بائیو میٹرک سسٹم نصب کر کے اسے باقاعدہ طور پر عملی شکل دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہاربھی کیا کہ تمام کالجز میں معیارِ تعلیم کو عصری اور جدیدتقاضوں سے ہمکنار کیا جائے گا۔ اس کے لئے دیگر تمام کوششوں کے ساتھ ساتھ ماہانہ اور ششماہی ٹیسٹ کے انعقاد کو جاری رکھنے اور اسے مستحکم کرنے پر زور دیا اور ٹیسٹ کے نتائج طلباء کے والدین کو بھجوانے کی تاکید کی۔ انہوں نے اِس ضمن میں یہ ہدایت بھی کی کہ ٹیسٹ میں مسلسل فیل ہونے اور کالج سے مسلسل غیر حاضر ہونے والے طلباء و طالبات کو کالج سے خارج کیا جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پرنسپلز ماہانہ بنیادوں پر فیکلٹی ممبرز سے میٹنگ کریں گے جس میں نصابی و ہم نصابی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور امتحان کی تیاری کے نقطہء نظر سے بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ کالجز کا تعلیمی سیشن یکم اگست سے شروع ہو گا۔ سیکریٹری تعلیم نے کالجز میں وِنٹر کیمپ کے کامیاب انعقاد پر پرنسپلز اور فیکلٹی ممبرز کے مثبت کردار اور کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں سیکریٹری تعلیم نے کالجز کے بجٹ کے صحیح اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے اور اسے زیادہ سے زیادہ طلباء کے مفادمیں خرچ کرنے پر بھی زور دیا ۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے کالجز میں طلباء و طا لبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے ،اُ نہیں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لئے تیار کرنے اور علاقائی ادب ، ثقافت اور تہذیب کے تحفظ میں اُن کے کردار کو یقینی بنانے کے لئے کالجز کے فیکلٹی ممبرز پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں اِس امر کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ مارچ اور اپریل کے مہینے میں سیکریٹری تعلیم اور ڈائریکٹر کالجز گلگت بلتستان کے کالجز کا دورہ کریں گے۔ کالجز کے پرنسپلز نے سیکریٹری تعلیم کی ہدایات اور رہنمائی کے مطابق تمام فیصلوں پر منصوبہ بندی کرنے اور بروقت عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button