نوجوان

ٹیسٹ پاس کرنے والےگلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ISSB کی تیاری بھی کرواتے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل ملک حسن

گلگت ( پ ر) گلگت بلتستان کے نوجوان پاک آرمی کے لئے موضوع ترین ہیں۔ قدرت نے انہیں بے پناہ صلاحیتوں اور جذبے سے نوازا ہے۔ اس لئے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی پاک آرمی میں شمولیت ہمارے لئے طمانیت کے باعث ہے۔ ۔ ان خیالات کا اظہار آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹر گلگت بلتستان کے انچارج لیفٹیننٹ کرنل ملک حسن نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طلباء، سکوار، گلگت میں نوجوانوں کی پاک آرمی میں کمیشنڈ کے حصول کے لئے شعور و آگہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹر گلگت بلتستان کی جانب سے منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل ملک حسن نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان دور دراز اور پہاڑوں میں گرے ہونے کی وجہ سے اور ابلاغ کے ذرائع ناکافی ہونے کے سبب نوجوانوں کو پاک آرمی میں کمیشنڈ کے حصول کے حوالے سے معلومات اور آگہی حاصل کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے۔ ان چیلنجز اور رکاوٹوں کا اِدراک کرتے ہوئے ہم نے گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں میں سمینارز کے اہتمام کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور یہ سیمینار بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لئے اس سلسلے میں ہم نے یہ سہولت بھی دی ہوئی ہے کہ جو نوجوان ٹیسٹ پاس کرتے ہیں ان کو ہم ISSB کی تیاری کرواتے ہیں۔ انہوں نے پاک آرمی کی اعلیٰ ساکھ اور وقار پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس عظیم پیشے میں انسان کی دنیاوی اور اخروی دونوں زندگیوں میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے مواقعے موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک آرمی میں گلگت بلتستان کے افیسرز کا خاص مقام ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل ملک حسن نے کالج کے طلباء کے جذبے کی زبردست الفاظ میں تعریف کی اور کالج انتظامیہ و فیکلٹی ممبرز کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹر گلگت بلتستان کے کیپٹن شبیر احمد نے کالج کے طالبعلموں کو پاک آرمی میں کمیشنڈ کے حصول کے حوالے سے قیمتی معلومات پر مبنی تفصیلی بریفنگ دی۔ جس سے طلباء مستفید ہوئے۔ آخر میں سوالات اور جوابات کا سیشن بھی ہوا ۔ لیفٹیننٹ کرنل ملک حسن اور کیپٹن شبیر احمد نے طلباء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔ تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر اشرف ملک اور فیکلٹی ممبرز بھی شریک ہوئے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button