چترال

مختلف ممالک کے سفراء کا چترال کا ایک روزہ دورہ،ناروے گورنمنٹ کے فنڈز سے مرمت اور بحالی کے کاموں پر اعتماد کا اظہار

چترال(بشیر حسین آزاد)آج مورخہ 14اپریل2017 ؁ء کو سفیر فرانس محترمہ مارٹن ڈورنس اور اس کا شوہر مسٹر فلپ گارنئی ، سفیر ناروے ٹورنیڈریبو اور بیگم اینی ڈینگسٹن ، بوسنیا کے سفیرنیڈیم میکریویس ، آغا خان فاونڈیشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو افیسر اختر اقبال اور سی ای او اے کے سی ایس پی سلمان بیگ نے اے۔کے۔ایف ہیلی کاپٹر میں چترال کا ایک روزہ دورہ کیا۔ صبح نو بجے گرم چشمہ کا دورہ کیا۔اور اے۔کے ۔ایچ ۔ ایس۔پی کے زیر انتظام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلنے والے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گئے۔ مریضوں کی سہولیات اور دوسری انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی اور مریضوں سے بھی ملے۔ ہسپتال ہذا حال ہی میں ناروے گورنمنٹ کے فنڈسے از سر نو تجدید، مرمت اور بحالی کا کام اے۔ کے ۔پی۔بی ۔ایس۔پی کے ذریعے انجام پائی ہے مہمانان نے اس کام کا بھی جائزہ لیا اور کام کے کامیاب تکمیل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس کے بعد مہمانان چترال ٹاؤن کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ ناظم حاجی مغفرت شاہ اور ڈی۔پی۔او چترال سید علی اکبر شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم سے مٹینگ کی۔ ڈسٹرکٹ ناظم نے مہمانان کو خوش آمدید کہا اور چترال کے مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے اُنہیں آگاہ کیا۔ اس کے بعدمہمانان نے کالاش ویلی کا دورہ کیا۔جہاں کالاش ویلی کے کالاش عمائدین کے ساتھ ترقیاتی سرگرمیوں اور اے۔کے۔ڈی ۔این کے کاموں کے حوالے سے بالمشافہ گفتگو کئے۔ کالاش ویلی دورے میں ڈی۔پی۔او چترال اور آر۔پی۔ایم، اے۔کے۔آر۔ایس۔پی سردار ایوب بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اس کے بعد سفراء اور دوسرے مہمانان بذریعہ ہیلی کاپٹر گلگت کے لئے روانہ ہوگئے۔

چترال میں ترقی کے تمام شعبوں میں یکساں ترقی کے عمل کو یقینی بنانے اور غربت میں کمی لانے کے لئے چترال گروتھ اسٹریٹیجی کو آخری شکل دینے کے سلسلے میں جمعہ کے روز فرانس، ناروے اور بوسنیا کے سفیروں نے چترال کا دورہ کرکے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے سربراہ ضلع ناظم مغفرت شاہ سے ملاقات کی ۔ اجلاس میں فرانس کے سفیر مارٹین ڈورینس، ناروے کے سفیر ٹورنیڈریبو اور بوسنیا کے سفیرنیڈیم میکریویس کے علاوہ آغا خان فاونڈیشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو افیسر اختر اقبال بھی موجود تھے۔ اجلاس کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع ناظم نے کہاکہ گزشتہ جنوری میں اسلام آباد میں منعقدہ ڈونرز کانفرنس اور اس کے بعد چترال میں پی پی اے ایف کی اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ چترال گروتھ اسٹریٹیجی کو ٹھوس شکل دینے کی کوششوں کے تسلسل میں مختلف امور اور پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی جغرافیائی وسعت اور پسماندگی کے پیش نظر ایک ہمہ گیر نوعیت کا مربوط ترقیاتی پروگرام کی ضرورت و اہمیت کے پیش نظر چترال گروتھ اسٹریٹیجی ترتیب دیا جارہا ہے جس میں ہر سطح کے منتخب نمائندوں اور دوسرے اسٹیک ہولڈروں کی مشاورت شامل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں اگلا اجلاس بہت جلد ہی چترال میں منعقد کرکے اسٹریٹیجی کو آخری شکل دی جائے گی جبکہ اس مربوط ترقیاتی پروگرام کو پی پی اے ایف اور مختلف ممالک مالیاتی سپورٹ دیں گے جن میں فرانس ، ناروے، اٹلی اور دوسرے ممالک شامل ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button