کھیل

چترال: ڈسٹرکٹ پولو ٹورنامنٹ کا آغاز 16 مئی کو ہوگا

چترال ( محکم الدین ) ضلعی انتظامیہ چترال اور چترال کی دینی جماعتوں کے مابین ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ منعقد کرنے اور نہ کرنے کے حوالے سے کھڑا ہوا تنازعہ تصادم کی صورت اختیار کرتے کرتے ٹل گیا ۔ اور ضلعی انتظامیہ ،چترال پولو ایسوسی ایشن و دینی جماعتوں نے پانچ گھنٹے کی طویل گفت وشنید کے بعد ٹورنامنٹ کو 15مئی تک ملتوی کرنے پر اتفاق کر لیا ہے ۔ جس سے جاری کشیدہ حالات میں بہتری آئی ہے ۔ گذشتہ روز پولو ایسو سی ایشن چترال کے صدر شہزادہ سکندر الملک نے ضلعی انٹظامیہ کی سپورٹ پر جمعرات کے روز چیو پل چترال سے پولو پلیرز کی احتجاجی ریلی نکالنے اور پولو گراؤنڈ پر پہنچ کر ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلان کیا تھا ۔ جبکہ مذہبی جماعتوں کی طرف سے گرفتار قیدیوں کی رہائی تک ٹورنامنٹ منعقد نہ کرنے اور بزور طاقت اُسے روکنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے تصادم یقینی بن گیا تھا ۔ لیکن جمعرات کے روز ڈی سی آفس چترال میں انتظامیہ کے آفیسران ، پولو ایسو سی ایشن اور مذہبی جماعتوں کے مابین پانچ گھنٹے کی طویل بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ۔ کہ ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ 15مئی تک ملتوی رہے گا ۔ اور 16 مئی کو گرفتار قیدیوں کی ضمانت ہو یا نہ ہو ہر صورت میں ٹورنامنٹ شروع کیا جائے گا ۔ اجلاس کے بعد ضلع نائب ناظم چترال مولانا عبد الشکور ،امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید نے چیو پُل چترال میں پولو کے احتجاجی کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ہمارا مقصد ٹورنامنٹ کو روکنا ہر گز نہیں ہے ۔ صرف موجودہ حالات میں جب کہ چترال کے کئی افراد ناموس رسالت کیلئے جیلوں میں قید ہیں ۔ ہم ٹورنامنٹ کا انعقاد مناسب نہیں سمجھتے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولو ہماری شناخت ہے ۔ اور اس کی وجہ سے پاکستان کے حکمران چترال آتے ہیں ۔ اور ہمارے کئی مسائل اس کھیل کی وجہ سے حل ہوتے ہیں ۔ جب کہ سیاحوں کی آمدنی اس سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے پولو کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ انہوں نے کہا کہ آج کے مشکل حالات میں گھوڑا پال کر اس کھیل کو زندہ رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہونے پر کھلاڑیوں کو معمول کے الاونس کے علاوہ اضافی الاونس دیا جائے گا ۔ امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید نے پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندرالملک ،کھلاڑیوں اور انتظامیہ کا شکریہ دا کیا ۔ کہ انتہائی پر امن ، احترام اور ادب کے ماحول میں بات چیت ہوئی ۔ اور ہماری بات سنی گئی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ناموس رسالت کیلئے کھلاڑیوں کے جذبات سب سے زیادہ ہیں ۔ اور ہم خود کو برتر مسلمان جتانے کیلئے یہ کام نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بحیثیت ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ہم نے پولو کے فروغ اور پولو گراؤنڈ کی تعمیر کیلئے ہر ممکن فنڈ کی فراہمی کی حمایت کی ہے ۔ اور آیندہ بھی کرتے رہیں گے ۔ تاہم موجودہ وقت میں تناؤ اور تصادم کی فضا کا چترال متحمل نہیں ہو سکتا ۔ اور یہ چترال کیلئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے ہر ممکن طور پر امن کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ باقی چیزیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں ۔ اس موقع پر صدر پولو ایسو ایشن چترال شہزادہ سکندرالملک نے کہا۔کہ شان رسالت میں گستاخی کرنے والے کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور گرفتار نوجوانوں کو رہا کیا جائے ۔ اس کا ہم سب مطالبہ کرتے ہیں ۔ لیکن اس فعل کے رد عمل کے طور پر پولو کو متنازعہ نہ بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا ،کہ 16مئی کو پولو شروع ہو گا ۔ اور ہر کھلاڑی کو پندرہ ہزار اضافی الاؤنس دیا جائے گا ۔ انہوں نے ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور اور مولانا جمشید احمد کا شکریہ ادا کیا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button