کالمز

ہے کون جو بگڑی ہوئی تقدیر سنوارے 

اگر چہ مردان ،پشاور ،سوات ،کرک اور بنوں میں بھی 2012کی ترقیاتی سکیمیں ادھوری پڑی ہیں مگر خیبر پختونخوا کے شمال میں واقع ضلع چترال کا بُرا حال ہواہے گذشتہ 4سالوں میں ضلع چترال کے اندر صوبائی حکومت نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا ہر سال بجٹ کو استعمال کئے بغیر واپس کیا گیا 2013اور2015کے سیلابوں میں سڑکوں ،نہروں اور پُلوں کو جو نقصان پہنچاتھا اُن سکیموں کی مرمت نہیں ہوئی اس کے باوجود تقریروں میں سرکا ری عہدیدار یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ترقیاتی عمل ہماری’’پہلی ترجیح‘‘ہے گذشتہ 3دنوں کے اخبارات میں تین بڑے لیڈروں کے بیانات ملاحظہ کریں تو آپ کو غصہ بھی آئے گا ہنسی بھی آئے گی سلیم خان ایم پی اے کا بیا ن سب سے اہم ہے آپ فرماتے ہیں چترال کی ترقی میری پہلی ترجیح ہے آپ نے شاید ڈسی آفس روڈ پر چترال گول ندی کے اوپر دو پیدل پُلوں کو نہیں دیکھا ہو گا بی بی فوزیہ یہ ایم پی اے اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبداللطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ چترال سے پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں ملے پھر بھی چترال کی ترقی پر پی ٹی آئی نے خطیر رقم خرچ کی ہے دونوں لیڈر شاید ہیلی کا پٹر میں آتے جاتے ہیں چترال ٹاون کے مرکز میں بازار کے اندر کشمیر بیکری اور ماونٹین اِن کے قریب گولدور کا پیدل پُل اور زنانہ سکول کے راستے میں زرگراندہ کا پیدل پُل دونوں نے نہیں دیکھا جولائی 2015ء میں دونوں پُل سیلاب میں بہہ گئے تھے اگر آفتاب شیر پاو ،اکرم درانی اور امیر حیدر خان ہوتی کی حکومت ہوتی تو یہ دونوں پُل 2مہینوں کے اندر بحال ہوجاتے پرویزخٹک اور عمران خان ، جہانگیر ترین وغیر ہ کی حکومت میں دو سال گزرنے تک دونوں پیدل پُل بحال نہیں ہوئے

کیا وہ نمرود کی خدائی تھی
بندگی میں میر ا بھلانہ ہوا

مرزاغالب نے تو یہ بھی کہا تھا ’’میں نہ اچھا ہوا بُرا نہ ہوا ‘‘سب سے بڑا بیا ن ضلع نا ظم حاجی مغفرت شا ہ کا آیا ہے انہوں نے یاد دلا دیا ہے کہ موجود ہ حکومت ریکا رڈ ترقیاتی کام کررہی ہے پو لو گراونڈ میں ترقیاتی منصوبے پر کام جاری ہے ہما ر اخیال ہے ضلع نا ظم نے کبھی چترال گول نالہ نہیں دیکھا انہوں نے کبھی گول دور اور زرگراندہ کے دو پیدل پُلوں کا حال نہیں دیکھا انہوں نے زندگی میں ایک بار بھی پولو گراونڈ کی طرف آ نکھ اٹھا کر دیکھنے کی زحمت نہیں کی اگر ضلع نا ظم چترال ٹاون کے حالات سے تھوڑی بہت واقفیت رکھتے تو ان کو معلوم ہو جاتا کہ پولو گراونڈ میں کسی منصوبے کی قطعاََ کوئی ضرورت نہیں تھی کسی کا مطالبہ بھی نہیں تھا اگر ضلع ناظم کبھی ڈی سی آفس جاتے ہوئے کشمیر بیکری سے زچہ بچہ ہسپتال کی طرف جانے والے راستے پر موڑکے پاس دائیں طرف دیکھتے تو ان کو بٹ خیلہ سے آئے ہو ئے تا جر کا جھولا (زانگو)نظر آتا جس کے ذریعے 10روپے دیکر سکول کے بچے اور بچیاں نیز ہسپتال جانے والی خواتیں ندی کو پار کرتی ہیں اگر کمیشن نہ لیا جائے تو3لاکھ روپے میں پیدل پُل بن سکتا ہے کمیشن ملاکر ٹینڈر جاری کیا جائے تو 10لاکھ روپے میں یہ پیدل پُل بحال ہو سکتاہے اسی طرح زرگراندہ میں زنانہ سکول کے سامنے اُن کو تین سیڑھیا ں نظر آئینگی دو سیڑھیوں کے ذریعے بچے اور بچیاں ندی کے اندر اترتی ہیں ایک سیڑھی کی مدد سے ندی کو پار کرتی ہیں جولائی 2015کے سیلاب کے بعد 22مہینے گذرگئے ضلع ناظم کو اقتدار میں آئے ہوئے 18 مہینے ہو گئے 6لاکھ روپے کی لاگت سے دو پیدل پلوں کو بحال کیا جا سکتا تھا مگر ایسا نہیں ہو اا گر چترال ٹاون کے اندر ترقیاتی سکیموں کا یہ حال ہے تو کریم اباد ،تریچ، کھوت ، لاسپور اور ارندو میں کیا حال ہو گا ؟

کعبہ کس منہ سے جاوگے غالب
شرم تم کو مگر نہیں آتی

ٹاون کے لوگ جب بھی ان پُلوں کی جگہ پر جھولے اور سیڑھیوں کو دیکھتے ہیں تو ایک دوسرے سے پوچھتے ہیں اگر حکومت ناکام ہو چکی ہے تو NGosکیا کرتے ہیں ؟برسبیل تذکرہ NGosکی دو قسمیں ہیں حرام این جی اوز ،اور حلال این جی اوزآپ سکول جانے والی بچیوں اور ہسپتال جانے والی خواتین کا حال دیکھیں تو اضطرار کی حالت نظر آ ئیگی ’’مضطر‘‘کے لئے شریعت نے حرام کو بھی حلال کردیا ہے یہاں حالت یہ ہے کہ لوگ حکومت اورNGosسے مایوس ہو چکے ہیں اب تک اس حوالے سے اخبارات میں 88بار اپیل شائع کرائی گئی ہے حکومت نے توجہ نہیں دی اب مناسب معلوم ہوتا ہے کہ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل نظام الدین شاہ کو دونوں پُلوں کا دورہ کرایا جائے پنجابی میں ضرب المثل ہے کہ آسمان سے پانچویں کتاب کے طور پر ڈنڈا بھی اتارا گیا ہے میرے خیال میں گولدور اور زرگراندہ کے دو پیدل پُل پانچویں کتاب کی مدد سے بحال ہو جائینگے اور کوئی راستہ نہیں اگر کمانڈنٹ چترال سکاوٹس نے عوام کی درخواست پر چترال بازار کے دو اہم پلوں پر ڈنڈے کے ذریعے کام شروع نہیں کرایا تو عوام کے پاس قدیم فلمی گیت کی پبیروڈی کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا اور پبیروڈی یوں ہو گی

آجا !آجا!میری برباد’’ سیاست‘‘ کے سہارے
ہے کون جو بگڑی ہوئی تقدیر سنوارے

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button