شعر و ادب

سکردو میں زراعت کے حوالے سےمنفرد مشاعرہ، مردو خواتین شعرا نے کسانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے شاعری کی

سکردو(بیور ورپورٹ) سکردو میں منفرد اور تاریخی نوعیت کا مشاعرہ، مردو خواتین شعرا نے کسانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے شاعری کی۔ محکمہ زراعت سکردو میں منعقدہ مشاعرہ کی صدارت ڈائریکٹر محکمہ زراعت کاچو زاہد علیخان کر رہے تھے جبکہ معروف شاعر پروفیسر حشمت علی کمال الہامی مہمان خصوصی تھے۔ محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر فاچو نے میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے جبکہ ذیشان مہدی نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔مشاعرے میں شریک مرد و خواتین شعراء نے کسانوں کی حوصلہ افزائی اور زرعی شعبے کے فروغ کیلئے کلام پڑھے جنہیں سامعین نے خوب سراہا۔ اس موقع پر صدارتی خطاب دیتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ زراعت سکردو کاچو زاہد علیخان نے کہا کہ یہ تاریخی مشاعرہ ہے، میں نے سوچا نہیں تھا کہ زراعت کے فروغ کیلئے ایسی محفل بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام انقلابات میں شعرا نے اہم کردار ادا کیا ہے اسی طرح زرعی انقلاب جو کہ ہمارا خواب ہے، میں یہاں کے شعرا کی شاعری سے کام لیا جائیگا۔ شعرا نے اپنی شاعری کے ذریعے کسانوں کی خوب حوصلہ افزائی کی،انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ایسی محافل کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ مہمان خصوصی پروفیسر حشمت علی کمال الہامی نے کہ زراعت اور شاعری کا چولی دامن کا ساتھ ہے، شاعر حسین نظاروں کا محتاج ہوتا ہے اورحسین نظارے زراعت پیشہ افراد پیدا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ زراعت کے فروغ کیلئے زرعی مشاعرے کا انعقادایک خوبصورت خیال ہے، جسے عملی جامعہ پہنا کر محکمہ زراعت نے شاندار کام سرانجام دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت ڈاکٹر ذاکر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاعری کے ذریعے زراعت کو فروغ دینے کا آئیڈیا نہیں ہے، دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک میں زرعی فروغ کیلئے شاعری سے کام لیا جا رہا ہے، ہم نے اسی خیال کے تحت یہاں مشاعرے کا انعقاد کرنے کا سوچا تھا جسے ذیشان مہدی اور ان کی ٹیم نے ممکن کیا جس کیلئے ہم ان کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے ساتھ ملکر اس طرح کی سرگرمیوں کو مزید تیز تر کر دیا جائیگا۔ پریس کلب سکردو کے صدر محمد حسین آزاد نے مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت نے منفرد کام کیا ہے، اس سے زرعی شعبوں میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرے میں خواتین شعرا شاندار شاعری پیش کی ، پریس کلب ان کیلئے بہت جلد مشاعرے کا اہتمام کرے گا۔ مشاعرے میں پروفیسر حشمت علی کمال الہامی، ذیشان مہدی، عاشق حسین عاشق، یوسف کھسمن، اشرف راغب، صبیحہ کمال،قصیر علی شاہد،حفیظ درویش، سائرہ زاہد، حمایت نذیر، عارفہ بتول، غلام عباس، عارف سنی اور دیگر نے زرعی نظمیں پیش کیں۔ مشاعرے میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button