متفرق

گلگت : سوشل ویلفیئر آفیسرز کے لیئے منعقد کردہ پانچ روزہ ٹریننگ ورکشاپ

گلگت ( پ ر) سیکریٹری تعلیم، سماجی بہبو د و خصوصی تعلیم ثناء اللہ نے سوشل ویلفیئر آفیسرز کے لیئے منعقد کردہ پانچ روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی افسران کے لیے اس طرح کی ٹریننگ اور ورکشاپس کا قیام نہایت ہی مثبت قدم ہے جس سے ان کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کاموقع ملتا ہے۔ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ اور پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر گلگت کے اشتراک سے گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں یہ تربیتی ورکشاپ پانچ دنوں پر مشتمل تھی جس میں ماہر ٹرینرز نے شرکاء کو فنانشل مینیجمنٹ ،پروپوزل رائٹینگ، پراجیکٹ مینیجمنٹ،آفس نوٹنگ و ڈرافٹنگ اور رولز آف بزنس آف گورنمنٹ جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل لیکچرز دیئے۔ گلگت بلتستان بھر سے 13سوشل ویلفیئر آفیسرز نے اس ورکشاپ سے استفادہ حاصل کیا ۔

سیکریٹری تعلیم ثناء اللہ نے اختتامی سیشن میں شرکت کی اور شرکاء کی جانب سے دلجمعی سے اس ورکشاپ میں شرکت پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی اور کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایات پر سوشل ویلفیئر کے محکمے کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ فنی تعلیم و ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کے لیئے صوبائی سطح پر ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے لیئے موجود خصوصی سیل کو مزید فعل بنانے کے لیے ڈائریکٹریٹ کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اقتصادی راہداری کی گزرگاہ ہونے کے سبب مستقبل میں صوبے میں ہنر مند و تکنیکی ماہرین کی ضرورت ہوگی اس لیئے وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمن نے خصوصی ادارے کے قیام کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں جہاں پر اعلی تکنیکی فنون و تربیت دی جائے گی۔ صوبائی اسمبلی سے باقاعدہ قانون سازی ہونے کے بعد یہ محکمہ سوشل پروٹیکشن، چائلڈ رائٹس، انسانی حقوق اور دیگر متعلقہ امور میں مزید بہتری لانے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل ویلفیئر کا محکمہ معاشرے میں نادار اور مستحق افراد کے لیے سہارے کا سبب ہے، حال ہی میں نادار مریضوں اور گلگت بلتستان کے خصوصی ہیروز کے لیے علاج معالجے کی مد میں سرکاری امداد کے لیئے خصوصی فنڈز بھی مختص کیئے جا چکے ہیں تاکہ کسی بھی بیماری اور مشکل کی صورت میں صوبائی حکومت اپنے ہیروز کی معاشی مدد کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلی گلگت بلتستان کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے ہر ممکن قدم اٹھا سکے ۔ سیکریٹری تعلیم و سوشل ویلفیرڈپارٹمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت مند بیواؤں کو سلائی اور کڑھائی کی مشینیں فراہم کرنے کے لیے بھی ان کا ادارہ کام کررہا ہے تاکہ ان کو خودکفالت کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ ادارے کے تحت ووکیشنل ٹریننگ اور فنی تعلیم کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لئے ہدایات دی جا چکی ہیں اور آنے والے وقت میں کم وسیلہ خواتین اور ضرورت مند افراد کی امداد میں یہ ادارہ سب سے آگے ہوگا۔ آئنیندہ بجٹ میں بھی مستحقین اور ضرورت مندوں کی امداد کے لیئے وہیل چیئر ز اور بیساکھیوں کی فراہمی کی مد میں مزید فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ گلگت بلتستان نے اس سلسلے میں بہترین تعاون کا مظاہر ہ کیا ہے۔ تقریب کے آخر میں سیکریٹری تعلیم نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور PITACکے ریجنل انچارج محمد سہیل کو مبارک باد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے ادارے اور وفاقی ادارے PITACکے درمیان مزید ٹریننگ اور کورسز کے انعقاد کے لیئے تعاون جاری رہے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button