سیاست

گلگت میں القدس کانفرنس کا انعقاد، فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان

گلگت (پ ر) امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کے زیر اہتمام القدس کانفرنس کا انعقاد مرکزی امامیہ مسجد گلگت میں کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے امامیہ کونسل کے صدر شیخ عباس وزیر نے کہا ” یوم القدس مظلوم فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے تمام مظلوموں کی حمایت اور غاصب صہونی ریاست اسرائیل و امریکہ کی مخالفت کا دن ہے۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت ناقابل برداشت ہے ۔عالم اسلام کو عالمِ کفر کے مقابل کمر بستہ ہونے کی ضرورت ہے۔امام خمینی ؒ صہونی دہشت گردی اور قبلہ اوّل کی آزادی کے بارے میں فرماتے ہیں کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ایک بالٹی پانی بھی اسرائیل پہ ڈالتے تو اسرائیل دنیا کے نقشے سے مٹ چکا ہوتا۔امام خمینیؒ نے مسلمانانِ عالم سے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو جمعتہ الوادع اور یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ قبلہ اوّل کی آزادی کے لئے عملی جد و جہد ہر مسلمان کا فریضہ ہے جب تک دنیا بھر کے مسلمان قبلہ اوّل کی آزادی کیلئے متحد نہیں ہونگے تب تک مظلوم فلسطینی مسلمان صہونی ظلم و بر بریت کا شکار ہوتے رہیں گے۔

کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے حجت الاسلام علامہ سید کونین حسین الحسینی نے کہا یوم القدس مسلمانانِ عالم کے اتحاد اور ان کی بکھری ہوئی تمام قوتوں کو یکجا کرنیکا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا دنیا بھر میں دہشت گردوں کو پروان چڑھانے میں امریکہ و اسرائیل براہ راست ملوث ہیں۔ فلسطین ،یمن، عراق، شام اور پاکستان سمیت تمام ممالک میں جاری دہشت گردی کے پیچھے صہونی ہاتھ کارِ فرما ہے۔

انہوں نے مزید کہا حکومتِ پاکستان مسئلہ فلسطین پر واضح موقف دے کر فلسطینیوں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرے اور جمعتہ الوداع کو یوم القدس سرکاری سطح پرمنانے کا اعلان کرے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button