صحت

بابوسر روڑ پر اے کلاس سول ڈسپنسری کا افتتاح

چلاس(بیورورپورٹ) ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بابوسر روڈ پر تھک دیورے میں اے کلاس سول ڈسپنسر ی کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔اس موقع پر پی پی ایچ آئی دیامر اور محکمہ صحت کے زمہ داران کے علاوہ کثیر تعداد میں عمائندین تھک بابوسر بھی شریک تھے ۔اس موقع پر ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی دیامر افضل خان نے صوبائی ترجمان کو سول ڈسپنسری تھک دیورے کے ایمرجنسی ،او پی ڈی اور ڈینٹل روم کا مکمل وزٹ کرایا اور ہسپتال کو درپیش صحت کے مسائل سے آگاہ کیا ۔تھک دیورے میں سول ڈسپنسری کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے کہا کہ تھک بابوسر گزشتہ 50سالوں سے صحت کے سہولیات سے محروم تھا اور اس علاقے کی طرف دیکھنے والا کوئی نہیں تھا ۔گلگت بلتستان میں ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد پہلی دفعہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کے ویژن اور سوچ کے مطابق صحت کے مسائل کو دور کرنے کی کوشیش کی گئی ہے ۔صوبائی حکومت نے تھک بابوسر کے پسماندہ گاوں دیورے کے مقام پر پی پی ایچ آئی کے ذریعے اس ہیلتھ یونٹ کو فنگشنل کیا ہے اور اس ہسپتال میں پہلی دفعہ ڈاکٹر تعینات کرکے ہزاروں لوگوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر صحت کے سہولیات پہنچادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت عوام کے ساتھ کیئے گئے تمام وعدوں کو تکمیل کی طرف سفر کرتے خوشی محسوس کررہی ہے ۔موجودہ حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے ان کو تکمیل تک پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بابوسر روڈ پر پیش آنیوالے حادثات کے زخمیوں کو علاقے میں طبعی امداد نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا اور کئی زخمی فوری طور پر طبعی امداد نہ ملنے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔،لیکن اب تھک دیورے ڈسپنسری مکمل فنگشنل کر دیا گیا ہے اور اب کسی بھی ٹریفک اور دیگرحادثات کے زخمیوں اور بیماروں کا تھک دیورے میں ہی علاج و معالجہ ہوگا اورعوام کو اپنے مریضوں کو لیکر چلاس آنے کی نوبت نہیں آئی گی ۔انہوں نے کہا کہ تھک دیورے میں سول ڈسپنسری اور ہیلتھ یونٹ سے بابوسر روڈ پر سفر کرنے والے ملکی اور غیر سیاح بھی فائدہ اُٹھائیں گے اور بیمار ہونے یا کسی حادثے کا شکار ہونے کی صورت میں سیاحوں کو فوری طور پر دیورے سول ڈسپنسری منتقل کرنے میں آسانی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی دیامر کے زمہ داران دیامر میں صحت کی بہتری کیلئے جو کام کررہے ہیں وہ خوش آئندہ ہے اور صوبائی حکومت پی پی ایچ آئی کو درپیش تمام مسائل حل کرے گی اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button