چلاس(مجیب الرحمان)بابوسر ٹاپ کے قریب گیٹی داس کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں جا گری، خاتون سمیت تین افراد جاں بحق چودہ افراد زخمی ہوگئے۔ بد قسمت گاڑی RIP.956میں سندھ ٹھٹھہ کے ایک ہی فیملی کے افراد جن میں خواتین بچے اور مرد شامل تھے۔گلگت بلتستان کی سیر سے واپسی پر بابوسر ٹاپ کراس کر کے گیٹی داس کے قریب پہنچے تھے اسی اثناء میں گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
دیامر پولیس اور مقامی افراد نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو کا آغاز کرتے ہوئے کھائی سے زخمی افراد اور لاشوں کو نکال لیا۔اور فوری طور پر چلاس آنے والی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس منتقل کر دیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔جبکہ ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی زخمیوں کے علاج معالجہ کی معاونت ہسپتال پہنچ گئے۔ حادثے میں زخمی اور جاں بحق افراد کی شناخت محمد اسپن ولد کامران ساکن ٹھٹہ سندھ،محمد زینہ ،امینہ ،سمیرہ ،نعمان علی ،ثمینہ ،حمیرہ ناز ،امشہ ،علی شاہ ،محمد عباس ،محمد عمیر ،ثمینہ ناز ،انصر علی،مصفر علی،یکفین ناز،فرحان علی،مہک کے ناموں سے ہوئی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق چند زخمیوں کی حالت نازک ہے تاہم تمام زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے۔جاں بحق تینوں افراد کی میتوں کو ضلعی انتظامیہ انکے آبائی گاؤں روانہ کر دے گی۔اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے جا چکے ہیں۔جبکہ حادثے کا شکار افراد کے سامان کو بھی دیامر پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر چلاس پہنچائی ہے۔
حادثے کی خبر سن کر مقامی افراد کی بڑی تعداد زخمیوں کی مدد کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس پہنچ گئے۔اور خون کے عطیات ،زخمیوں کو ہسپتال میں ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔