کھیل

شندور کا پولو گراونڈ میدانِ جنگ بن گیا، پولیس کی شیلنگ، ہوائی فائرنگ اور شدید لاٹھی چارج

غذر (دردانہ شیر) شندور پولو میلے کے پہلے دن گراونڈ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس کی زبردست شیلنگ اور شائقین پولو پر شدید لاٹھی چارج۔ ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کے بعد حالات کنٹرول پر آگئے۔ متصادم گروہوں سے تعلق رکھنے والے دو آفراد زخمی ہوگئے، پی پی غذر کے سینئر نائب صدر نادر خان ایڈوکیٹ کا سر پھٹ گیا۔

تفصیلات کےمطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹیرو غذر اور لاسپور چترال کے درمیان پولو میچ ہورہا تھا۔ اس دوران ٹیرو اور پھنڈر کی دو پولو ٹیمیں گراونڈ میں داخل ہوگئیں۔ جس پر پولیس نے ایک پولوٹیم کے کھلاڑیوں کو باہر جانے کا کہا۔ جس پر اس ٹیم کے حامی بھی گراونڈ میں داخل ہوگئے، اور پولیس اور شائقین کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔ اس دوران شندور کا گراونڈ میدان جنگ کے مناظر پیش کررہا تھا۔ پولیس نے سخت لاٹھی چارج اور زبردست شیلنگ بھی کی اور بڑی مشکل سے حالات کنٹرول پر آگئے۔

اس موقع پر یہ فیصلہ ہوگیا کہ تین کھلاڑی ٹیرو اور تین پھنڈر کے گروانڈ میں داخل ہونگے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی راضی ہوگئے۔ جب کھیل ختم ہوگیا، تو ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی و پی پی پی غذر کے سینئر نائب صدر نادرخان ایڈوکیٹ پر حملہ کر دیا اورانہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے نادرخان کا سر پھٹ گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوگیا جس کو وہاں موجود فرسٹ ایڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے یہ ناخوشگوار واقعہ سلیکشن کمیٹی کی وجہ سے پیش آیا۔

وہاں موجودشائقین کا کہنا ہے کہ چند لوگوں کی وجہ سے پورے ضلع غذر کی بدنامی ہوگئی ہے اس طرح کے واقعہ میں جو بھی ملوث ہے ان عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button