ثقافت
ہنزہ میں ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب منعقد، آئی جی پولیس، شیخ مرزا علی، ڈاکٹر رضوان، شیخ بلال جعفری کی خصوصی شرکت

ہنزہ ( بیورو رپورٹ)انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان صابر احمد نے ہنزہ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیلی کونسل کو ڈائمنڈ جوبلی کی مبارکباد پیش کی اور ہزہائنیس پرنس آغاخان چہارم اور آپ کے دادا جان سر سلطان محمد شاہ آغاخان سوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کی۔
اس موقعے پر انہون نے کہا، "ہم سن 1906 ء کو کیوں بھول جاتے ہیں یہ وہ سال ہے جب سرآغاخان کی قیادت میں مسلمانان ہند کے زعما نے مسلمانوں کے حقوق کے لئے یکجا ہوکر مسلم لیگ کی داغ بیل ڈالی تھی اور سر سلطان محمد شاہ آغاخان کی بصیرت افروز قیادت نے 1909 ء میں برطانوی راج سے مسلمانان ہند کے لئے جداگانہ انتخاب کا مطالبہ منوایا تھا، جس کا ثمرہ پاکستان کی صورت مسلمانان ہند کو ملا”۔
انہوں نے اچھائی کے حصول کے لئے متحد ہونے پر زور دیا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے گلگت بلتستان کو ہر قسم کے نشے کی لعنت سے پاک کرنے کےعزم کا برملا اظہار کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہز ہائینس آغاخان نے خدمت اور خیرات کو ادارہ جاتی تنظیم کے ذریعے موثر بنایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے جنرل سیکریٹری آغا شیخ مرزا علی نے اسماعیلی کونسل برائے ہنزہ کو اپنے امام کی ڈائمنڈ جوبلی منانے پر ہدیہ تبریک پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزہائنس پرنس آغاخان گلگت بلتستان کے محسن ہیں ان کی خدمات نہایت ہی قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے میدان میں کمزوروں ، ناداروں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کے لئے ادارے بنائے ہیں۔ جو کہ ایک احسن عمل ہے۔ انہوں نے بین المسالکی ہم آہنگی کو عصر حاضر کی اہم ضرورت قراردے تے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تقریبات دوریوں کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں، اور ہمیں خلوص کے ساتھ باہمی دوریوں کو کم کرنے کے لئے ہمشہ کوشاں رہنا چاہئیے۔
علامہ شیخ بلال جعفری نے بھی اسماعیلی کونسل کی جانب سے ڈائمند جوبلی تقریب کے انعقاد پر مبارکبادی دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تقریبات سے بین المسالکی ہم آہنگی میں مدد ملے گی۔
