عوامی مسائلچترال

شہزادہ حیدر الملک نے معاہدے کی خلاف ورزی کرکے امن وامان کا مسئلہ پیدا کیا۔عمائدین کریم آباد

چترال (بشیر حسین آزاد)وادی کریم آباد کے منتخب نمائندوں اور عمائیدیں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والوں کی طرفداری اور سرپرستی کرنے والے ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامد یوسفزئی کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کرکے چترال سے ٹرانسفر کیا جائے ورنہ وادی کے عوام ان کے خلاف سخت ترین احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ضلع نائب ناظم سلطان شاہ ، کریم آباد سے ضلع کونسل کے رکن یعقوب خان، ویلج کونسل ناظم علی مراد شاہ اور دیگر عمائیدیں محمد صابر خان، قربان خان اور حضرت علی خان نے کہاکہ وادی کو سیلاب کے خطرے سے بچانے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے گیارہ سال پہلے ڈاکٹر شہزادہ حیدر الملک آف شوغور اور کریم آباد کے 800گھرانے ایک معاہدے کے تحت بکریاں پالنے پر مکمل پابندی عائدکرتے ہوئے اپنی بکریوں کو فروخت کردیا تھالیکن گزشتہ ماہ ڈاکٹر شہزادہ حیدر الملک نے اس معاہدے کی انتہائی ڈھٹائی سے خلاف ورزی کرتے ہوئے بکریاں پالنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہزادہ حیدر کو ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامد یوسفزئی کی مکمل اشیر باد حاصل ہے جوکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی پانچ نکاتی ایجنڈاکی سراسر خلاف ورزی ہے جس میں ماحولیات کی تحفظ کو اولیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بکریاں نہ پالنے کا فائدہ 2015ء میں اُ س وقت سامنے آیا جب ضلعے کے دیگر علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی لیکن کریم آباد وہ واحد علاقہ تھا جوکہ سیلاب کی تباہ کاری سے محفوظ رہا اور یہی وجہ ہے کہ کریم آباد کے عوام اپنی تحفظ کے لئے بکریاں پالنے کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ گیارہ سال پہلے ڈاکٹر شہزادہ حیدر الملک کی تین من مانی مطالبات کو پورا کرتے ہوئے علاقے کے عوام نے ان کے گھر کے لئے روڈ تعمیرکیا، عوام کے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کردہ بجلی سے ٹرانسمیشن لائن بچھاکر ان کو بجلی فراہم کردی اور ساتھ ان کے بنجر زمین پر 8ہزار سے ذیادہ درخت لگائے ۔ انہوں نے کہاکہ جب وہ معاہدے کی خلاف ورزی کی تو کریم آباد کے پرامن عوام نے ان کی بکریوں کو پولیس کے حوالے کردیا جس پر 24بے گناہ افراد پر گھناونے جرائم کی دفعات لگاکر ان کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف پی ٹی آئی حکومت محکمہ صحت میں انقلابی اقدامات کا دعویدار ہے اور آئی ایم یو قائم کرکے کڑی نگرانی کا دعویدار ہے لیکن دوسری طرف ڈاکٹر حیدرالملک علاقے کوئی ڈیوٹی سرانجام دینے کی بجائے گزشتہ ایک ماہ سے چراگاہ میں بکریوں کی نگرانی کررہے ہیں جس میں ڈی۔ایچ۔او چترال ان کی معاونت کررہے ہیں۔ کریم آباد کے عوام نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیاکہ اس بات کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کرکے ڈاکٹر حیدر ہمدردی بٹورنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوٹ کوہ کے عوام نے 35سال تک ڈاکٹر حیدر کے خاندان کو ووٹ دے کر اقتدار میں رکھا جس پر اب دوبارہ سوچا جارہا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button