معیشت
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام ‘سی پیک تجارتی مواقعوں’ کے موضوع پر سیمینار منعقد

گلگت: ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام’’ سی پیک تجارتی مواقعے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے کہا ہے کہ سی پیک میں ون روڈ ون بیلٹ کے زریعے سے تجارت کی ترقی کے لئے کام شروع ہو چکا ہے ۔ جس کے لئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اپنا کر دار ادا کر رہی ہے ۔
فورس کمانڈر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دنیا کی بڑی بڑی پہاڑیاں اور تین عظیم پہاڑی سلسلے ملتے ہیں یہاں پر سو سے زائد جھیلں ہیں یہاں پر میوہ جات کی بہتات ہے ایک اندازے کے مطابق گلگت بلتستان میں سالانہ 57 ہزار میٹرک ٹن فروٹس ضائع ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمت عملی مرتب کر کے سی پیک منصوبوں میں تعلیم صحت اور انفر ا سٹرکچر جیسے منصوبوں کو شامل کیا جائے تاکہ سی پیک کی وجہ سے یہ خوبصورت خطہ اور پورا ملک ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آگے بڑھ سکے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت ‘ معدنیات جنگلات سمیت دیگر شعبوں میں بھر پور فائدہ اٹھا کر ترقی کے منازل طے کئے جا سکتے ہیں گلگت بلتستان کی جغرافیاتی اہمیت بے مثال ہے تجارتی اور اقتصادی حیثیت سے مالا مال ا س صوبے کی تین ملکوں کے ساتھ سر حدیں ملتی ہیں قدرتی وسائل سے مالا مال اس خطے میں بے شمار معدنیات پہاڑوں کے اندر چھپی ہوئی ہیں جن کو کار آمد بنا کر بہترین زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے ۔
