سیاست

دوگنی مراعات پر ناتجربہ کار اور کم عمر افسران گلگت بلتستان بھیج کر علاقے پر ظلم کیا جارہا ہے، ظہور ایڈووکیٹ

گلگت(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی ضلع ہنزہ کے صدر ظہور کریم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غیر مقامی سرکاری افسران گلگت بلتستان کے بجٹ اور عوام پر بوجھ ہیں، کیوں کہ ان کو گلگت بلتستان کےمقامی افسران کی نسبت دوگنی مراعات دی جاتی ہیں، ان کو فوری طور پر بے دخل کیا جائے ۔کم عمر اور غیر تجربہ کار افسران کو گلگت بلتستان بھیج کر عوام کے ساتھ ظلم کیا جارہاہے ۔

انہوں نے جمعرات کے روز میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر مقامی سرکاری افسروں کی تعداد گلگت بلتستان میں حد سے زیادہ ہونے کے باعث جی بی کے قابل اور ٹیلنٹڈ آفیسران کا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے ۔اس کی وجہ سے بہت سارے گلگت بلتستان کے سرکاری آفیسر ذہنی اذیت کا شکار ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا غیر مقامی اور ناتجربہ کار سرکاری آفیسران گلگت بلتستان کے ماحوم اور ثقافت کے مطابق کام بھی نہیں کرسکتے ہیں اور جی بی کے زمینی حقائق سے آگاہ نہیں ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔یہ لو گ گلگت بلتستان کی ثقافت اور رویات سے ہٹ کر پنجاب ،سند ھ اور KPKکے روایات اور ثقافت و کلچر کو ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں جس سے گلگت بلتستان کے کلچر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں پاکستان کے دوسرے صوبوں سے منفرد اور الگ کلچر اور روایات ہیں ،یہاں لوگ ایک دوسرے کا احترام زیادہ کرتے ہیں۔ باقی صوبوں کے لوگوں کی نسبت ،لیکن غیر مقامی آفیسران گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ بہت برُارویہ اپنا تے ہیں۔

ظہور کریم نے مذید کہا کہ گلگت بلتستان میں ڈی سیز اور اے سیز عوامی نمائندوں سے زیادہ طاقتوراوربادشاہ بنے ہوئے ہوتے ہیں، جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں عوامی نمائندوں کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی ہے یہ صرف سرکاری ملازم  ہیں اورعوامی نمائندوں کو یس سر کے علاوہ نو سر کہنے کی جرات نہیں ہوتی ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button