سیاست

وزیر اعلی کا سیاسی مشیر شمس میر گلگت بلتستان انوسٹمنٹ بورڈ کا چیف ایگزیکٹیو تعینات

گلگت ( پ ر) شمس میرکوگلگت بلتستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کا چیف ایگزیکیٹیو تعینات کر دیا گیا ہے۔ نئے تعینات ہونے والے چیف ایگزیکیٹیو کاتعلق گلگت سے ہے اور انہوں نے سویڈن سے ڈیولپمنٹ اکنامکس سٹڈیز میں ایم فل کی ڈگری مکمل کی ہوئی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں بھی ماسٹرز کیا ہوا ہے، شمس میر بین الاقوامی اداروں میں بھی کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں بین الاقوامی اداروں ، قومی و سرکاری اداروں میں بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اورتجارت کی کمیٹی کے بھی ممبر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ناردرن ایریا چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان میں ڈائریکٹر ٹریڈ انویسٹمنٹ اور چیف فنانس کے عہدے پر طویل عرصے تک خدمات بھی سر انجام دیتے رہے ہیں۔ ان اہم ترین عہدوں پر کام کرتے ہوئے بین الاقوامی تجارت، سرمایہ کاری ، پاک چین تجارتی امور اور بارڈر پروٹوکول اور گلگت بلتستان کے مخصوص علاقائی اقتصادی پالیسی پر ان کی ہمیشہ سے گہری نظر رہی ہے۔ شمس میر قراقرم انٹرنیشنل یونی ورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر پڑھاتے رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے گلگت بلتستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کا باقاعدہ قیام 7دسمبر2016کوعمل میں آیا تھا، جس کے تحت چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور دیگر محکموں کے سیکریٹریز اس ادارے کے بورڈ آف ڈائیریکٹرز میں شامل ہیں۔ ادارے کے چیف ایگزیکیٹو کی تعیناتی کے لیئے 14اپریل 2017کو اخبارات میں باقاعدہ طور پر اشتہار بھی دیا گیا تھا، جسکے تحت شارٹ لسٹ کیئے گئے افراد میں سے شمس میر کا انتخاب ان کے وسیع اور ہمہ گیر تجربے اور اعلی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ ادارہ مستقبل میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی کے لیے پالیسی سازی کرے گا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button