سیاست

گندم کی قیمت میں اضافہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، سعدیہ دانش ترجمان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان

گلگت(پ۔ر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حساب سے گندم کی سبسڈی یہاں کے عوام کا بنیادی حق ہے اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اسی بنیاد پر گندم سمیت دیگر اشیاء میں سبسڈی دی تھی۔نواز لیگ اس سبسڈی کو بتدریج ختم کر رہی ہے جو کہ سراسر نا انصافی ہے۔اگر حفیظ سرکار گلگت بلتستان کے عوام کو کچھ دے نہیں سکتی تو پیپلز پارٹی کی دی ہوئی مراعات تو واپس نہ لے۔نواز لیگ بتائے انکی تین بار وفاق میں حکومت آئی انہوں نے گلگت بلتستان کو محرومیوں اور ناانصافیوں کے سوا کیا دیا۔گلگت بلتستان کی بدقسمتی ہے کہ اس نازک تاریخی دوراہے پر نااہل اور بدعنوان حکمران مسلط ہیں۔نواز لیگ نے ڈھائی سال میں اپنے کارکنوں اور منظور نظر ٹھیکیداروں کو نوازنے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے۔سرکاری اداروں میں لیگی متوالوں کو اعلی عہدوں پر بھرتی کر کے ان اداروں کو نواز لیگ کی ذیلی تنظیموں میں تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔تاکہ آنے والے الیکشن میں دھاندلی کی جا سکے۔گلگت بلتستان میں تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن اور اقرباء پروری ہو رہی ہے اور لاقانونیت کا دور دورہ ہے۔میرٹ کا راگ الاپنے والے میرٹ کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔منظم منصوبہ بندی کے ذریعے گلگت بلتستان کے سرکاری اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔انکی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ صوبائی وزراء اپنے محکموں کے ماتحت آفیسران کے سامنے بے بس ہیں۔دراصل نواز لیگ نااہل لیگ بن چکی ہے۔جس پارٹی کے سربراہ کو عدالت نے بدعنوان قرار دیا ہو اس پارٹی سے بدعنوانی کے علاوہ کسی چیز کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔جبکہ پیپلزپارٹی کو تاریخ نے ایک بار پھر درست ثابت کردیا اور آصف علی زرداری آخری مقدمے میں بھی باعزت بری ہوگئے۔کیونکہ ان پر جو مقدمات بنائے گئے تھے وہ محض سیاسی اور سراسر بے بنیاد تھے۔اور پیپلزپارٹی تاریخ اور عدالت دونوں سے سرخرو ہو چکی ہے۔

ملک میں جب بھی آزادانہ انتخابات ہوئے ہیں پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے اور جب بھی شفاف احتساب ہوا ہے پیپلزپارٹی کے قائدین پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ہے۔دوسری طرف نواز لیگ پر نہ صرف پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چرانا ثابت ہو چکا ہے بلکہ اب انکی بدترین کرپشن بھی ثابت ہو چکی ہے اور مزید کیسز بھی سامنے آرہے ہیں۔وہ وقت دور نہیں جب نااہل لیگ کا سارا کچہ چٹھہ قوم کے سامنے آئے گا اور بدعنوانی اور اقرباء پروری کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہوجائےگی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button