سیاست

پاک فوج کےشہیدوں کےلہو سےارض پاک کا چہرہ درخشاں ہے، سعدیہ دانش سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ پاک فوج کے شہداء کے لہو کی سُرخی سے ارض پاک کا چہرہ درخشاں ہے۔ملک کا ناقابلِ تسخیر دفاعی نظام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کارنامہ ہے۔ 6 ستمبر عظیم اور لازوال قربانیوں کا دن ہے۔اس دن ہماری افواج اور عوام نے عزم و استقلال اور جرأت و بہادری کی ایسی داستانیں رقم کیں کہ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے اور دنیا ورطہ حیرت میں ڈوب گئی۔بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ آور ہو کر لاہور جم خانہ کلب میں دوپہر کا کھانا کھانے کا خواب دیکھا تھا مگر جری افواج اور بہادر قوم کے دندان شکن جواب سے اسے منہ کی کھانی پڑی۔پاکستانی قوم آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم خاک کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے اور پاک فوج کی مدد سے دہشتگردی کے ناسور کے خلاف برسرپیکار ہے انشاءاللہ بہت جلد انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کو شکست فاش ہوگی امن و آشتی کی صبح ہوگی۔شہداء کے لہو کا ہر قطرہ قوم کی زندگی کی امید ہے۔قوم کا بچہ بچہ مملکتِ خداداد کی حفاظت کے لئے سر بکف کھڑا ہے۔ملک کی سلامتی کے لئے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے علاوہ کسی نے قربانیاں دی ہیں تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے جس کے قائدین اور ہزاروں کارکنوں نے مادر وطن کی عزت و حرمت پر اپنی جانیں نچھاور کیں۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا کے خلاف کھل کر آواز بلند کی ہے۔اور دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود کبھی سر نہیں جھکایا۔ذوالفقار علی بھٹو شہید پاکستان کو ناقابل شکست دفاعی طاقت بنانے کی پاداشت میں عالمی طاقتوں کے عتاب کا نشانہ بنے اور انہوں نے اپنے آلہ کار کے ذریعے عدالتی قتل کرا دیا۔اسی طرح محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بھی واضح دھمکیوں کے باوجود عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا۔اور انہیں بھی شہید کر دیا گیا۔ان کا بھی قصور یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو جدید میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی۔دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ انکے سہولت کاروں کی بھی سر کوبی کی جائے۔پیپلز پارٹی یوم دفاع کے موقع پر تجدید عہد وفا کرتی ہے کہ اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کی خاطر آئیندہ بھی کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی اور پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ارض پاک کی عزت و آبرو اور سلامتی کا ضامن ہے۔

 

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button