سیاست

ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون سے رنگے ہوۓ نواز لیگ کو پیپلز پارٹی کے دور میں لاشوں کے تحفے کی بات زیب نہیں دیتی ۔ صوبائی سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی

گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ نواز لیگ کے قائدین کے ہاتھ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون سے رنگے ہوۓ ہیں۔ان کو پیپلز پارٹی کے دور میں لاشوں کے تحفے کی بات زیب نہیں دیتی۔عدالتی طور پر ثابت شدہ کرپٹ ترین شخص کی مافیا لیگ کے وزیر کا پیپلز پارٹی پر کرپشن کا الزام چور مچائے شور کے مترادف ہے۔سکردو شہر کی سڑکوں کی ری کارپیٹنگ کا کام صوبائی وزیر تعمیرات نے کمیشن نہ ملنے اور اپنے منظور نظر ٹھیکیداروں کو نہ دینے پر رکوا دیا۔پیپلزپارٹی کے دفن ہونے کی باتیں کرنے والوں کی نااہل لیگ خود کرپشن کے ملبے تلے زندہ درگور ہوگئی ہے۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کھل کر دہشتگردی اور انتہا پسندی کی مذمت کی ہے اور انکی سرکوبی کے لیے بھر پور اقدامات کئے ہیں جسکی وجہ سے پیپلز پارٹی دہشتگردوں کے نشانے پر ہے اور انہوں نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بزدلانہ کارروائیاں کیں۔امن کا کریڈٹ لینے والے سن لیں پورے ملک اور گلگت بلتستان میں پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کی وجہ سے امن قائم ہوا ہے۔کون نہیں جانتا کہ صوبائی اسمبلی میں انتہا پسندانہ سوچ کے حامل افراد اور انکے سہولت کار موجود ہیں اسلئے دہشتگرد اپنی حمایت یافتہ حکومت میں خاموش ہیں۔جن لوگوں کے قائدین کی بدترین کرپشن اور جعلسازی پر دس ہزار صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار ہوئی اور جو عدالت عظمی سے چور،بدعنوان،جعلساز اور خائن ثابت چکے ہیں وہ پیپلزپارٹی پر بدعنوانی کا الزام عائد کر رہے ہیں جو اس صدی کا سب سے بڑا ڈرامہ ہے۔وزیر تعمیرات کرپشن کے نت نئے تجربات میں مصروف ہیں۔جو شخص اپنے حلقے کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کرسکتا اسے وزیراعلی کی خوشامد سے فرصت نہیں۔میرٹ کا راگ الاپنے والے میرٹ کی پامالی،اقربا پروری،ٹھیکوں کی بندر بانٹ،نوکریوں کی خرید و فروخت اور لاقانونیت کے بے تاج بادشاہ بن چکے ہیں۔اور کرپشن کا ناسور تمام اداروں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔حفیظ سرکار تقسیم کرو اور حکومت کرو کے منشور پر عمل پیرا ہے۔ بعض لوگ نواز لیگ کی کرم نوازیوں کے بدلے حقِ نمک ادا کرنے کے لئے پیپلز پارٹی پر بے سر و پا تنقید کر رہے ہیں۔انکا شور خالی برتن کے زیادہ بجنے کے مصداق ہے۔گلگت بلتستان کے عوام بخوبی احسن جانتے ہیں کہ کون عوام کا ہمدرد ہے اور کون کالعدم تنظیموں کی پشت پناہی اور سہولت کاری کر رہا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button