خبریں

ہلال احمر گلگت بلتستان کے زیر اہتمام تین روزہ لاجسٹکس، وئیرہاوس منیجمنٹ کی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

گلگت(پ ر) ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمین طارق حسین شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کی زدمیں واقع ایک ایساخطہ ہے جہاں پرہروقت کسی نہ کسی آفت کے رونماہونے کے خطرات موجود رہتے ہیں، ایسے میں ان آفات سے بروقت نمٹنے اور آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لئے تربیت یافتہ افرادی قوت کا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس مقصدکی خاطرہلال احمرگلگت بلتستان اپنے سٹاف اور رضاکاروں کی پیشہ ورانہ استعدادکارکو بڑھانے اور انہیں وقت کے تقاضوں کے مطابق تربیت کے مواقعے فراہم کرنے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کررہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کو نقصانات سے بچایا جاسکیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہلال احمرگلگت بلتستان کے زیراہتمام کنیڈین ریڈکراس کے تعاون سے سٹاف اور رضاکاروں کے لئے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کو صوبائی سطح پر ایک مثالی فلاحی ادارہ بنانا ان کی اولین ترجیحی ہے جس کے لئے ابتدائی طورپر سٹاف اور رضاکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ یہ لوگ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے کمیونٹی کی سطح پر مختلف اسٹیک ہولڈرز کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے انہیں ہلال احمرپاکستان کے نیشل ہیڈکوارٹر اور دیگرامدادی اداروں کی جانب سے بھی بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے ہلال احمرکے سٹاف پر زوردیاکہ وہ پیشہ ورانہ امورکی انجام دہی میں ایمانداری اور محنت ولگن کو اپنا شعاربنائیں کیونکہ اسی میں ہی ادارے کی کامیابی ہے۔

اس موقع پر ہلال احمرکی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا کہ ہلال احمرگلگت بلتستان کنیڈین ریڈکراس کے مالی تعاون سے ایک اہم منصوبے پر کام کررہا ہے جس کا بنیادی مقصد ادارے کے سٹاف اور رضاکاروں کی پیشہ ورانہ استعدادکارکو بڑھانا ہے۔

تقریب سے ہلال احمرپاکستان کے نیشنل لاجسٹک کوارڈینیٹر غلام محی الدین اور کنیڈین ریڈکراس کے سنیئرآپریشن منیجرمنظورعلی نے بھی خطاب کیا۔ اس تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو لاجسٹک اور وئیرہاوس منیجمنٹ کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button