سیاست

گرم چشمہ روڈ کی غلط الائنمنٹ کی جارہی ہے، امیر اللہ صوبیدار

گرم چشمہ (نمائندہ خصوصی) معروف سماجی کارکن اور جنرل الیکشن 2018 کے امیدوار امیر اللہ صوبیدار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرم چشمہ روڈ کی غلط الائمنٹ کی جارہی ہے جس کی عوامی سطح پر شدید مخالفت پائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے معلومات کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے منظور شدہ گرم چشمہ روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں جو پلان بنایا گیا ہے اس میں گرم چشمہ روڈ کو شغور کے مقام پر دریا کے پار منتقل کیا جائے گا اور موغ کے مقام پر دوبارہ موجودہ روڈ کے سائیڈ پر منتقل کیا جائے گا۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی ناقص پلان ہے کیونکہ برفانی تودے اور سیلاب اصل میں شاہ شاہ کے علاقے سے مردان گول تک گرم چشمہ روڈ کو متاثر کرتے ہیں۔ اگر روڈ شغور سے دریا کے پار منتقل کیا گیا تو شاہ شاہ کے مقام پر برفانی تودوں اور سیلاب سے متاثر ہونے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا اور موغ کے مقام پر روڈ منتقل ہونے کی صورت میں موغ سے لے کر مردان گول مسائل کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گرم چشمہ روڈ کی تعمیر سے لے کر اب تک مرمت کے نام پر اس پر اربوں روپے ضائع کئے جاچکے ہیں۔ جتنے ارب روپے اس روڈ پر مافیاز نے مرمت کے نام پر ہضم کئے ہیں اس سے چترال سے گرم چشمہ تک آسانی ٹنل تعمیر کی جاسکتی ہے۔ صرف دروشپ کے مقام پر لوہے سے بنے ہوئے پل کی سال میں چار دفعہ مرمت کے نام پر لاکھوں روپے کا خردبرد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرم چشمہ روڈ کو بختولی پل سے دریا کے دوسرے سائیڈ پر منتقل کیا جائے اور پھر بغیر کسی منتقلی کے لئے گرم چشمہ تک پہنچایا جائے۔ اس کو سیاسی مفادات اور چند افراد کے ذاتی مفادات کی خاطر ادھر ادھر منتقل کرنا علاقے میں شدید انارکی کا سبب بن سکتا ہے۔ گرم چشمہ روڈ کی تعمیر کو مافیاز کے ہاتھوں میں دینے کے بجائے علاقے کے تجربہ کار لوگوں سے مشورے کے بعد ہی صحیح سمت سے تعمیر کیا جائے گا تاکہ گرم چشمہ کے عوام کا ایک دیرینہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button